لوڈ شیڈنگ کیخلاف ملک بھر میں جاری احتجاج سے حکمرانوںکے دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے، سراج الحق

درگئی میں لیویز کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت قابل مذمت ، حکومت ریاستی مشینری کو اپنے خلاف ہونیوالے احتجاج کو روکنے کیلئے استعمال کریگی تو پورا ریاستی سٹرکچر تباہ ہوجائیگا،بپھرے عوام حکمرانوں کے محلوں تک جاپہنچیں گے، امیر جماعت اسلامی

پیر 29 مئی 2017 22:04

لوڈ شیڈنگ کیخلاف ملک بھر میں جاری احتجاج سے حکمرانوںکے دعوئوں کی قلعی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اس کے خلاف ہونے والے عوامی احتجاج کو حکومت کی طر ف سے لاٹھی گولی سے دبانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج سے حکمرانوںکے دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی اورلوڈ شیڈنگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

انہوں نے درگئی میں لیویز کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت پر سخت غم و غصہ کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرحکومت ریاستی مشینری کو اپنے خلاف ہونے والے عوامی احتجاج کو روکنے کے لیے استعمال کرے گی تو پورا ریاستی سٹریکچر تباہ ہوجائے گااور پھربپھرے ہوئے عوام حکمرانوں کے محلوں تک جاپہنچیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے ساتھ وفاقی حکومت کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔

خیبر پختونخواہ کے بہت سے علاقے بجلی سے ابھی تک محروم ہیں اور جن شہروں میں بجلی موجود ہے وہاں بھی کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے جبکہ بجلی کے منافع میں وفاق اسکا پورا حصہ نہیں دے رہااور سب سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کا شکار بھی خیبر پختونخواہ کے عوام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ بلوچستان اور کے پی کے کے عوام وفاقی حکومت کے رویے سے احساس محرومی اور کمتری کا شکار ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ تمام وسائل پر وفاق اورپنجاب نے قبضہ کر رکھا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ساہیوال کو ل پاور ، نندی پور اور بھکھی پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے کے بعد بھی حکومت شارٹ فال پورا نہیں کرسکی۔ حالانکہ ان پاور پلانٹس کی تنصیب کے وقت بڑے بلندو بانگ دعوے کیے جارہے تھے کہ اب ہم ہندوستان کو بھی بجلی دیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ جب تک حکومتی صفوں میں موجود بڑے بجلی چوروں کو نہیں پکڑا جاتا اور لائن لاسز پر قابونہیں پایا جاتا بجلی کا شارٹ فال کم ہوگانہ لوڈ شیڈنگ کا جن قابومیں آئے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی صفوں میں موجود بجلی چوروں کو پکڑے بجلی کی ٹرانسمیشن لا ئنو ں میں موجود خرابیوں کو درست کیا جائے اور بجلی کمپنیوں سے خریدی جانے والی بجلی کے ایک ایک یونٹ کا مکمل حساب رکھا جائے تو لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جاسکے گا۔

سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ لیویز فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے گرفتار شہریوں کو فوری رہا کیا جائے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتجاج کوپرامن رکھیں اور توڑ پھوڑ او رجلائو گھیرائوپر اکسانے والوں کے بہکاوے میں نہ آئیںتاکہ قومی املاک کو نقصان سے بچایا جاسکے۔