پشاور، لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے کم وولٹیج کے خلاف اے این پی نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کردی

رمضان المبارک کے مہینے میں عوام پر کیا جانے والا ظلم بند کیا جائے،قرارد اد میں وفاق سے مطالبہ

پیر 29 مئی 2017 21:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2017ء) عوامی نیشنل پارٹی نے صوبے میں ظالمانہ لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے کم وولٹیج کے خلاف صوبائی اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرا ئی ہے جس میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں عوام پر کیا جانے والا ظلم بند کیا جائے ،قرارداد اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے جمع کرائی اور اس میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں لوڈ شیڈنگ کو سیاسی سکورنگ کیلئے استعمال کر رہی ہیں اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں،قرارداد میں سردار حسین بابک نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام مین ٹرانسمیشن لائنز بوسیدہ اور ناکارہ ہو چکی ہیں اور اب یہ لائنز مزید لوڈ برداشت کرنے کے قابل نہیں۔

(جاری ہے)

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوام ظالمانہ اور خود ساختہ لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کے بھاری بل ادا کر رہے ہیں اور ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی صورت میں بھی انہیں خود چندہ اکٹھا کر کے ان کی مرمت کرانا پڑتی ہے ، انہوں نے کہا کہ سی پیک کے فنڈز میں صوبے کی مین ٹرانسمیشن لائنز کی مرمت کی جائے ، نئے گرڈ سٹیشنز اور فیڈرز پر جلد از جلد کام کا آغاز کیا جائے ۔اور ملکی سطح پر سب سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کرنے والے صوبے کے ساتھ زیادتی بند کی جائے ۔قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ واپڈا کے فنڈز سے صوبے میں فیڈر، گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسفارمرز کوہارس ٹریڈنگ کیلئے استعمال نہ کیا جائے اور عوام کو بجلی کی سہولت بہم پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔