مردان،رمضان المبارک میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ قابل برداشت نہیں ،یہ صوبے کیخلاف سنگین سازش ہے، حمایت اللہ مایار

پیر 29 مئی 2017 21:45

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2017ء) ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ بالکل برداشت نہیں کی جائیگی۔ لوڈشیڈنگ ہمارے صوبے کے خلاف سازش ہے۔ کیونکہ ہمار ا صوبہ 4ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی پیدا کررہا ہے۔ اور صرف 1800میگا واٹ بجلی خرچ کررہا ہے۔ لیکن پورے ملک میں لوڈشیڈنگ خیبر پختونخوا میں سب سے زیاد ہ ہے۔

وہ پیر کو روزڈسٹرکٹ کونسل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس کی صدارت کنوینئر اسد علی کشمیر ی نے کی ۔ اجلاس سے ضلع کونسلرز حبیب رسول، اسفندیار، واجد علی، امانت مسیح ، نعیم انور، مفتی کفایت اللہ ، ڈاکٹر امین الحق ، مولانا امانت شاہ نے بھی خطاب کیا ۔ اجلاس میں تمام ممبران کی جانب سے بجلی و گیس لوڈشیڈنگ ، ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کی کارکردگی ، مہنگائی اور اشیائے خوردنوش کی کوالٹی و قیمتوں پر تفصیلی بحث ہوئی ۔

(جاری ہے)

تمام اراکین نے واپڈا کی جانب سے اووربلنگ اور بغیر شیڈول کے بجلی لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کی۔ اور مطالبہ کیا کہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کی شیڈول ریوائز کی جائے اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کر کے عوام کو اس مقد س مہینے میں عبادت کیلئے ریلیف دیں ۔ ضلع ناظم مردان نے کہا کہ ہمار ا صوبہ سستی بجلی پیدا کررہا ہے ۔ اسکے باوجود یہاں لوڈ شیڈنگ حد سے زیاد ہ ہے۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس حق کیلئے متفقہ جدوجہد کریں۔ بجلی کی تقسیم اور نرخ مقرر کرنے کیلئے بھی ہمارے صوبے کو اختیار دیا جائے۔ انہوں نے ایس ای واپڈا مردان سے شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کرانے اوربجلی کے اڈے نہ گرانے کا مطالبہ کیا ۔ کیونکہ یہ عوام کے ساتھ انتہائی ظلم ہے۔ عوام اس ظلم کے خلاف اٹھیں گے۔ ضلع ناظم مردان نے اے ڈی لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ ٹائون ہال مردان کے کام کے بارے میں خط محکمہ انٹی کرپشن کو ارسال کریں تاکہ اس کے بارے میں انکوائری کریں۔

کنوینئر اسد علی کشمیری نے رولنگ دیتے ہوئے تمام ضلعی افسران پر زور دیا کہ آئندہ کوئی بھی سرکاری افسر اجلاس میں حاضر نہ ہوا تو انکے خلاف کاروائی کی جائیگی۔ اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔