سید خورشید شاہ کا اپنی تقریر پی ٹی وی پر براہ راست نہ دکھانے پر اپوزیشن کے ہمراہ قومی اسمبلی سے واک آئوٹ

پیر 29 مئی 2017 21:41

سید خورشید شاہ کا اپنی تقریر پی ٹی وی پر براہ راست نہ دکھانے پر اپوزیشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) قومی اسملی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے اپنی تقریر پی ٹی وی پر براہ راست نہ دکھانے پر اپوزیشن کے ہمراہ قومی اسمبلی سے واک آئوٹ کیا۔ ان کا موقف تھا کہ جس طرح وزیر خزانہ کی تقریر پی ٹی وی سے براہ راست دکھائی گئی اسی طرح ان کی تقریر بھی براہ راست دکھائی جائے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے آغاز پر سید خورشید شاہ کو جب بحث کا آغاز کرنے کیلئے فلور دیا گیا توانہوں نے کہا کہ وہ اس وقت تک تقریر نہیں کریں گے جب تک پی ٹی وی پر ان کی تقریر براہ راست نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو میں نے 3 بج کر 25 منٹ پر فون کرکے آگاہ کیا تھا کہ ان کی تقریر پی ٹی وی پر براہ راست دکھائے جانے کا اہتمام کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابات آنے والے ہیں‘ ہماری بات بھی عوام تک پہنچنی چاہیے۔ اس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کسی کی تقریر چلانا یا روکنا میرے کنٹرول میں نہیں ہے‘ یہ کام محکمہ اطلاعات کا ہے تاہم قائد حزب اختلاف اس بات پر مصر رہے کہ ان کی تقریر براہ راست دکھائی جائے جبکہ حکومت نے موقف اختیار کیا کہ ماضی میں ایسی کوئی روایت نہیں ہے تاہم بعد ازاں نماز عصر سے قبل انہوں نے ایوان سے واک آئوٹ کردیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی کو ہدایت کی کہ اپوزیشن ارکان کو منا کر ایوان میں واپس لایا جائے۔ وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ وہ اپوزیشن کو منانے گئے تھے مگر ان کا مطالبہ یہی ہے کہ وہ ٹی وی پر ان کی تقریر براہ راست دکھائی جائے گی تو وہ ایوان میں آئیں گے۔