ماضی میں یہ روایت رہی ہے کہ وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر براہ راست ٹیلی کاسٹ کی جاتی ہے،, باقی کارروائی کی رپورٹ رات کو دکھائی جاتی ہے‘ یرے لئے جتنی اہمیت وزیر خزانہ کی ہے اتنی ہی قائد حزب اختلاف کی ہے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

پیر 29 مئی 2017 21:41

ماضی میں یہ روایت رہی ہے کہ وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر براہ راست ٹیلی کاسٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماضی میں یہ روایت رہی ہے کہ وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر براہ راست ٹیلی کاسٹ کی جاتی ہے جبکہ باقی کارروائی کی رپورٹ رات کو دکھائی جاتی ہے‘ اگر قائد حزب اختلاف کی تقریر براہ راست ٹیلی کاسٹ کرنے کا معاملہ پہلے طے ہو جاتا تو کمرشل ایئر ٹائم کا انتظام کرلیا جاتا، میرے لئے جتنی اہمیت وزیر خزانہ کی ہے اتنی ہی قائد حزب اختلاف کی ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کے اس موقف پرکہ وزیر خزانہ کی براہ راست تقریر کی طرح ان کی تقریر بھی براہ راست دکھائی جائے‘ کے جواب میں وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں یہ روایت رہی ہے کہ صرف وزیر خزانہ کی بجٹ تقریر براہ راست چلتی ہے، باقی کوئی تقریر براہ راست نہیں ہوتی، رات کو اس کی مفصل رپورٹ دکھائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے معلوم کیا ہے‘ ماضی میں کبھی بھی ایسی روایت نہیں ہے کہ قائد حزب اختلاف کی تقریر براہ راست چلی ہو۔ اگر یہ معاملہ پہلے طے ہوجاتا تو پی ٹی وی کے کمرشل ایئر ٹائم کا بندوبست کرلیا جاتا، اسی سے اس کے فنڈ جنریٹ ہوتے ہیں اور وہ ایک منصوبے کے تحت چل رہا ہے، ہم خورشید شاہ کی تقریر کا پیکج بنا کر چلا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء سے 2014ء تک کوئی تقریر لائیو نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا قائد حزب اختلاف ہم سب کیلئے قابل احترام ہیں۔ وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ کبھی بھی یہ روایت نہیں رہی‘ اس کو ایشو بنانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہمیں پنڈورا باکس نہیں کھولنے چاہئیں۔ پی ٹی وی پر کسی کی تقریر براہ راست چلانا میرے کنٹرول میں نہیں ہے یہ کام محکمہ اطلاعات کا ہے۔ انہوں نے خورشید شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی تقریر کریں، سارا میڈیا یہاں موجود ہے اور آپ کی تقریر اس پارلیمنٹ کا دستاویزی حصہ بنے گی تاہم خورشید شاہ اس بات پر اصرار کرتے رہے کہ ان کی تقریر پی ٹی وی پر براہ راست دکھائی جائے۔