شارٹ فال 5ہزار میگاواٹ ہونے سے لوڈشیڈنگ کادورانیہ بڑھ چکا ہے‘میاں مقصوداحمد

پنجاب سمیت پورے ملک میں طویل بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 29 مئی 2017 21:36

شارٹ فال 5ہزار میگاواٹ ہونے سے لوڈشیڈنگ کادورانیہ بڑھ چکا ہے‘میاں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ ایک طرف تاریخ میں پہلی بارملک کے مختلف علاقوں میںدرجہ حرارت54سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے لیکن دوسری جانب حکمرانوں کے لوڈشیڈنگ نہ کرنیکے تمام تر دعوئوں کے باوجود شارٹ فال 5ہزارمیگاواٹ سے تجاوز کرچکا ہے،ملک میں بجلی کی طلب 22ہزارجبکہ پیداوار17ہزارمیگاواٹ ہے جس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں 14گھنٹے اور شہروں میں10گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے،پنجاب سمیت پورے ملک میں عوام سراپا احتجاج ہیں۔

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی کسی قسم کاکوئی ریلیف فراہم نہیں کیاگیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں بجلی کی طویل بندش کاسلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

سحروافطار کے اوقات میں بھی بجلی میسرنہیں۔عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔توانائی بحران پر قابو پانا حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں۔

چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعویدارحکمران اب2018میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی نوید سنارہے ہیں۔صنعتیں بند اور کاروبار ٹھپ ہوچکے ہیں۔بے روزگاری کی وجہ سے لوگ فاقہ کشی اور خودکشی پر مجبور ہیں مگراس معاملے میںحکمرانوں کی بے حسی شرمناک ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغازپر ہی حسب روایت اشیائے ضروریہ خصوصاً کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔ناجائز منافع خور،ذخیرہ اندوز عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔پرائس کنٹرول کمیٹیاں کہیں نظر نہیں آتیں۔شکایات سیل بھی محض کاغذی کاروائی تک محدود ہوچکے ہیں۔غیر مسلم ممالک میں مسلمانوں کے تہواروں پرر عایتی نرخوں کاخصوصی اعلان کیاجاتا ہے لیکن ہمارے ملک میں الٹی گنگابہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی طرح امسال بھی سستے رمضان بازاروں کابندوبست کیاگیا ہے مگر ان کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے اوروہاں پرناقص اشیاء کی خریدوفروخت کی بھی اطلاعات ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت عوام کو صحیح معنوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔