رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ،حکمران شرم کریں ‘عبدالعلیم خان

شاہ سے وفاداریاں دکھانے والے صبر کریں ،پاناما کیس کا منطقی انجام جلد سامنے آنے والا ہے ‘صدرتحریک انصاف سنٹرل پنجاب

پیر 29 مئی 2017 21:36

رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ،حکمران شرم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بھی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور شہروں ،دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ بجلی غائب ہونے سے روزہ داروں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ عبدالعلیم خان نے چئیرمین سیکرٹریٹ میں پارٹی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران شرم کریں اور اپنے ہی کیے ہوئے بڑے بڑے وعدوں کو یاد کریں ۔

انہوں نے کہا کہ 6ماہ سے ڈیڑھ سال تک لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے والے اب آخری سال میں مس مینجمنٹ کا واویلا کر رہے ہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ مہینہ بھی نوٹس لیتے اور رپورٹ طلب کرتے ہوئے گزر جائے گا اور عوام کو ایک فیصد بھی ریلیف حاصل نہیں ہو گا ۔

(جاری ہے)

2018تو کیا موجودہ حکمران 100سال تک بھی بجلی کے بحران پر قابو نہیں پا سکتے ۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ شاہ سے زیادہ شاہ سے وفاداریاں دکھانے والے موٹو گینگ تھوڑا سا صبر کا مظاہرہ کریں پاناما کیس کا منطقی انجام جلد سامنے آنے والا ہے اور سوال و جواب سے خائف ہونے والوں کو اپنے کیے کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے سامنے شیخی بھگارنے والوں کا ماضی سب کے سامنے ہے انہیں اس دور حکومت میں وزارت کی بھیک نہیں ملے گی اور گلا پھاڑنے کے باوجود دانیا ل اور طلال چوہدری اسی تنخواہ پر کام کرتے رہیں گے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کے ویژن اور سیاسی جدوجہد نے شریف فیملی کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے اور انشاء اللہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات حاصل ہو کر رہے گی اور تحریک انصاف ملک میں صاف اور شفاف نظام رائج کرے گی ۔