تپ دق کے مریضوں کے علاج کے لئے عباسی شہید اسپتال میں ایک معیاری ٹی بی سینٹر قائم کیا جا رہا ہے ،وسیم اختر

دور دراز علاقوں میں واقع ڈسپنسریز میں ٹی بی کے علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلعی بلدیات اور یونین کونسلز سے بھی رابطہ کیا جائے گا،میئرکراچی

پیر 29 مئی 2017 20:28

تپ دق کے مریضوں کے علاج کے لئے عباسی شہید اسپتال میں ایک معیاری ٹی بی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ تپ دق کے مریضوں کے علاج کے لئے عباسی شہید اسپتال میں ایک معیاری ٹی بی سینٹر قائم کیا جا رہا ہے ، دور دراز علاقوں میں واقع ڈسپنسریز میں ٹی بی کے علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلعی بلدیات اور یونین کونسلز سے بھی رابطہ کیا جائے گا یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں میونسپل کمشنر حنیف محمد مرچی والا ، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد علی عباسی ، انڈس اسپتال کے عبدالباسط اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی، اجلاس کے دوران انڈس اسپتال کے وفد نے ’’زیرو ٹی بی کراچی‘‘اور ’’سگ گزیدگی سے پاک کراچی ‘‘ پروگرام کے حوالے سے سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی ، میئر کراچی نے کہا کہ ٹی بی کے علاج کی سہولیات کے ایم سی کے تمام اسپتالوں میں فراہم کی جانی چاہئیںاور اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم کو موثر بنانا چاہئے انہوں نے کہا کہ متعلقہ پروگرام کوآرڈینیٹر کے اشتراک سے ایسی حکمت عملی بنائی جائے کہ لوگوں میں بیماریوں سے تحفظ اور احتیاطی اقدامات کے حوالے سے شعور بیدار ہوسکے، اجلاس کے دوران سگ گزیدگی کے واقعات اور ان کی روک تھام کے طریقوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلے میں سری لنکن ماہرین کے ذریعے مقامی طبی عملے کی تربیت کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ، میئر کراچی نے کہا کہ محدود مالی وسائل سے اس نیک کام میں ہرممکن مدد اور معاونت فراہم کی جائے گی اس موقع پر ڈائریکٹر ایم پی ایچ کے ایم سی اصغر عباس کو دونوں پروگرامز کے لئے فوکل پرسن نامزد کیا گیا جو اس حوالے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے دیگر اداروں کے ساتھ مربوط رابطے کو یقینی بنائیں گے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے جائیں گے ، اجلاس کے دوران یہ تجویز بھی پیش کی گئی متعدی امراض پر کنٹرول کے حوالے سے علیحدہ اجلاس بلایا جائے جس میں تمام متعلقہ شعبوں کے ماہرین اور افسران کو شرکت کی دعوت دی جائے، میئر کراچی وسیم اختر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ا ن کی رہائش گاہ کے قریب معیاری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس کام میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ تپ دق ایک خطرناک مر ض ہے جبکہ سگ گزیدگی کے واقعات بھی تشویش کا باعث ہیں لہٰذا اس سلسلے میں جلد از جلد موثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی اور کے ایم سی کے اسپتالوں کے علاوہ ضلعی بلدیات کے تحت چلنے والے طبی اداروں کو بھی اس عمل میں شریک کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :