بصارت سے محروم افراد کا جذبہ، حوصلہ اور ولولہ قابل دید ہے، مظفر علی قریشی

پیر 29 مئی 2017 19:55

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) بصارت سے محروم نوجوان ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو منوار ہے ہیں، مجبوری کے باوجود ان کا جذبہ، حوصلہ اور ولولہ قابل دید ہے، ذہنی و جسمانی نشوو نما کے حوالے سے کھیلوں کی سرگرمیاں بلائنڈ کمیونٹی کے لئے نارمل لوگوں سے زیادہ ضروری ہیں کیونکہ موبیلٹی کی مشکلات کے باعث انہیں عام افراد کے مقابلے میں ایسے مواقع بہت کم دستیاب ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ (پی اے بی) سندھ کے صدر مظفر علی قریشی نے ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ آل سندھ اسپورٹس فیسٹیول فار بلائنڈ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فیسٹیول میں سندھ کے مختلف اضلاع، کراچی، حیدر آباد، نواب شاہ، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ، لاڑکانہ، خیرپور، سکھر ، شکار پور، قمبر شہداد کوٹ و دیگر سے نابینا افراد و طالبعلموں نے مختلف ایتھلیکٹس مقابلوں میں حصہ لیا جن میں رسہ کشی، آرم ریسلنگ، اسپون ریس ، وھائٹ کین ہرڈلز ریس، تھری لیگ ریس ، سیک ریس، 100 میٹر فلیٹ ریس اور بال تھرو کے علاوہ دیگر ایونٹس شامل تھے۔

(جاری ہے)

تقریب تقسیم انعامات و اسناد سے پی اے بی سندھ کے جنرل سیکریٹری ریاض حسین میمن ،سندھ آرم ریسلنگ کے عمران علی ، عبدالجبار میرانی ، عمران شیخ، قاری سہیل ، حیدر علی صالح محمد بلوچ، محمد علی، ماجد خان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ صوبائی صدر مظفر علی قریشی نے کہا کہ ایسوسی ایشن اپنے اراکین کو ہر شعبے میں تمام تر سہولتیں بہم پہچانے کی سعی و جہد میں مصروف عمل ہے اور اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔

ریاض حسین میمن نے کہا کہ سندھ بھر سے بصارت سے محروم نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد میں شرکت PABسندھ پر اعتماد کا اظہار ہے اور ہم اپنی مثبت سرگرمیوں کے ذریعے بلائنڈ کمیونٹی کی مشکلات و مصائب کم سے کم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ عمران شیخ نے کہا کہ آل سندھ اسپورٹس فیسٹیول کی پذیرائی نے ہمارے حوصلوں کو مہمیز عطا کی ہے جو ہماری کارکردگی بڑھانے کا سبب بنے گا۔ آخر میں تمام ایونٹس کے کامیاب شرکاء میں مہمانان گرامی نے گولڈ، برانز اور سلور میڈل تقسیم کئے۔