سی ڈی اے کرپٹ مافیا کے سامنے بے بس ،غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی سے قاصر

فاروقیہ مارکیٹ ایف سکس ون میں غیر قانونی تعمیر شدہ پلازہ کیخلاف ایکشن نہ لیا جاسکا مالک کی دیدہ دلیری ، تیسری منزل بھی تعمیر ، ٹرانسفارمر اور جنریٹر سے راستے بند

پیر 29 مئی 2017 19:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) سی ڈی اے کرپٹ مافیا کے سامنے بالکل بے بس نظر آتا ہے فاروقیہ مارکیٹ ایف سکس ون میں غیر قانونی تعمیر شدہ پلازہ کے خلاف ابھی تک کوئی ایکشن نہ لیا گیا ہے۔ جبکہ گذشتہ روز جناح سپر مارکیٹ میں ایک غریب مزدور کو گرم تیل گرا کر جلا دیا لیکن نوٹس دینے کے باوجود طاقتور مالک جائیداد کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف تک کوئی ایکشن نہ لے سکا۔

فاروقیہ مارکیٹ میں بلاک نمبر ۳کے برآمدے بند کردیئے گئے ہیں ۔ بڑی بڑی مشینیں لگا کر تجاوزات کی گئی ہیں بلڈنگ کا رخ تبدیل کردیا گیا ہے۔ غیر قانونی طور پر ملی بھگت سے تیسری منزل بھی تعمیر کرلی گئی ہے۔ برآمد ے بند کرکے ان کے باہر ایگزاسٹ مشینیں لگائی گئی ہیں اب سونے پر سہاگہ جنریٹر اور ٹرانسفارمر پلازوں کے درمیان راستے پر لگائے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر انفورسمنٹ بھی بے بس نظر آتا ہے جبکہ انہوں نے مارکیٹ کے برآمدوں سے سامان اٹھا لیا ہے جوکہ سراسر زیادتی ہے اور امتیازی سلوک کی بدترین مثال ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے اور میئر اسلام آباد عنصر عزیز شیخ نے تاجروں کے ساتھ ایک میٹنگ میں اعلان کیا تھا کہ اسلا م آباد کے کسی بھی کلاس تھری شاپنگ سنٹرز میں سنگل بزنس کی اجازت نہ ہوگی لیکن ان کے احکامات بھی نظر انداز کردیئے گئے اگر یہی سلسلہ رہا تو محلوں میں مارکیٹیں ختم ہوجائیںگی ، فاروقیہ مارکیٹ کے تاجروں نے وزیر اعظم میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات کی انکوائری ایف آئی اے سے کرائیں اور ذمہ دار افسران کے خلاف کاروائی کی جائے اور مذکورہ پلازہ سیل کی جائے۔

متعلقہ عنوان :