Live Updates

ایف ایم ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے ‘ذکراللہ مجاہد

پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں دودن میں آسمان پر جا پہنچی ،پرائس کنڑول کمیٹیاں غیر فعال نظر آرہی ہیں‘امیر جماعت اسلامی لاہور

پیر 29 مئی 2017 19:14

ایف ایم ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کا تقدس پامال کیا جا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ایف ایم ریڈیو اور ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہو رمیں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے عوامی وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوںنے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں ایف ایم اور کچھ ٹی وی چینلز پر انڈین اور پاکستانی گانوں کی مسلسل نشریات پر گہر ے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران اور حکومتی اداروں نے بے حسی کی حد کرتے ہوئے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ دن میں روزے کے اوقات اور شام میں تراویح کے دوران بھی ہر طرح کی بے ہودہ نشریات جاری ہیں ۔

(جاری ہے)

اللہ رب العزت تو رمضان المبارک میں شیاطین کو جکڑ تے ہیں لیکن حکمرانوں نے اپنے شیاطین کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔انھوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس ماہ میںمہنگائی آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث تاجروں اور دکانداروں کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے ۔

مارکیٹوں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں دو دن میں ہی آسمان پر جا پہنچی ہیں جبکہ حکومت کی طرف سے رمضان المبارک میں نرخوں کو کنڑول کرنے کیلئے بنائی جانے والی پرائس کنٹرول کمیٹیاں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں ۔ ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خالی دعوں کی بجائے عملی اقدامات اُٹھائے جائیں اورایف ایم چینل اور ٹی وی پر بے ہودہ گانوں اور فضول نشریات کو بند کیا جائے ۔ رمضان بازاروں کے علاوہ عام مارکیٹوں میں بھی پرائس کنڑول مجسٹریٹوں کو متحرک اور فعال کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں کچھ ریلیف میسر آ سکے ۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات