محکمہ سکولز ایجوکیشن کا مالی سال2017-18کا بجٹ تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا‘رانا مشہود

حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات سی2018 ء تک سو فیصد انرولمنٹ کی راہ ہموار ہوئی ہے‘صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن

پیر 29 مئی 2017 19:12

محکمہ سکولز ایجوکیشن کا مالی سال2017-18کا بجٹ تاریخی اہمیت کا حامل ہو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کا مالی سال2017-18کا بجٹ تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا،حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات سی2018 ء تک سو فیصد انرولمنٹ کی راہ ہموار ہوئی ہے،صوبہ پنجاب کی تعلیمی اصلاحات پورے ایشیاء کے لئے قابل تقلید مثال ہے، ہم نے بین الاقوامی شراکت کے ذریعے فروغ تعلیم میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیںاور صوبہ پنجاب کا فروغ تعلیم پروگرام دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے پروگرام مانیٹرنگ اینڈایمپلی منٹیشن یونٹ میں منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈاکٹراللہ بخش ملک سمیت محکمہ سکولز ایجوکیشن کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رانا مشہوداحمد خاں نے کہا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن کا مالی سال2017-18کابجٹ تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا۔

ہم نے فروغ تعلیم کو اولین ترجیح دے رکھی ہے کیونکہ تعلیم عام کر کے ہی بے روزگار ی، انتہا پسندی اور عدم برداشت پر موثر انداز میں قابو پایا جا سکتا ہے۔حکومتی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پرائمری سکولوں میں 10ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اساتذہ بھی بھرتی کیے جا رہے ہیں۔کمسن بچوں کو خوشگوار موحول میں تعلیم مہیا کرنے کے لئے 1225پرائمری سکولوں میں ابتدائے بچپن کی تعلیم کے مراکز قائم کر دئیے گئے ہیں۔

اسی طرح صوبہ پنجاب کے زیر انتظام52ہزار سے زائد سکولوں کی فیلڈ مانیٹرنگ کا موثر نظام وضح کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اساتذہ کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ انکی تنخواہوں اور سکیلوں میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے سکول ایجوکیشن سیکٹر میں نجی شعبے کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کی ہے جس کے تحت پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کے توسط سے پارٹنر سکولوں میں 25لاکھ مستحق طلبا و طالبات کو مفت تعلیم کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ فروغ تعلیم کے عمل میں مذہبی اقلیتوں کے بچوں کی تعلیم کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے دو لاکھ سے زائد ذہین مگر ضرورت مند طالبعلموںکے تعلیمی اخراجات حکومت اد ا کر رہی ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ پنجاب کا کوئی بچہ غربت کی بنا پر تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ کیونکہ تعلیم وہ روشنی ہے جو انسانوں کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے کو جلا بخشتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ صوبہ پنجاب کی تعلیمی اصلاحات کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :