لیپ ٹاپ تحقیق پر مبنی جدید ترین تعلیم کا لازمی جزو ہے، گورنر سندھ

پیر 29 مئی 2017 18:42

لیپ ٹاپ تحقیق پر مبنی جدید ترین تعلیم کا لازمی جزو ہے، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے ڈاکٹرز ، انجینئرز ، معاشی و اقتصادی ماہرین سمیت شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر تجربہ کار افراد کی معاشرہ میں شمولیت سے معاشی استحکام ، اقتصادی ترقی اور فلاحی معاشرہ کی تشکیل کا سنہرادور شروع کیا جاسکتا ہے، اس ضمن میں وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ طلبہ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے لیپ ٹاپ مہیا کررہی ہے، لیپ ٹاپ تحقیق پر مبنی جدید ترین تعلیم کا لازمی جزو ہے،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں اس کی بہت اہمیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی انجیئنرنگ کی تعلیم کا عالمی سطح پر تسلیم شدہ معتبر ادارہ ہے ، یہاں سے فارغ التحصیل گریجویٹس ملک کا فخر اور اثاثہ ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علموں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر این ای ڈی کے وائس چانسلر پروفیسر سروش حشمت لودھی ، فیکلٹیز کے ڈین، پروفیسرز اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تیسرے مرحلہ کے تحت یونیورسٹی کے 610 طالب علموں کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ جلد ہی جامعات کے دوسرے سیمسٹر میں داخل ہونے والے تمام طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے اس ضمن میں وفاقی حکومت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت دے دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طالب علم صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں، انہیں صرف صحیح سمت میں رہنمائی کی ضرورت ہے ، دنیا کے ساتھ چلنے کے لئے تحقیق پر مبنی تعلیم کا فروغ اشد ضروری ہے، تحقیق پر مبنی تعلیم کے فروغ اور سکیورٹی معاملات پر یونیورسٹی کو ہرممکن مدد فراہم کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم کا مقصد ہونہار طالب علموں کو تعلیم وتحقیق میں مدد دینا ہے،جامعات کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی ایجوکیشن کمیشنز کے مابین بہتر تعاون کو فروغ دیا جائے گا،وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے صوبہ میں اعلی تعلیم کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے۔ تقریب سے خطاب میں این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے پانچ ہزار کے قریب طلبہ سلیکون ویلی میں خدمات انجام دے رہے ہیں، یونیورسٹی کے کئی مسائل ہیں، وفاقی حکومت کی مدد کی ضرورت ہے۔

دریں اثناء گورنر سندھ نے این ای ڈی یونیورسٹی کی جدید ترین الیکٹریکل لیب کا دورہ بھی کیا جہاں وائس چانسلر نے گورنر سندھ کو لیب سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :