عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،سہیل انور سیال

پیر 29 مئی 2017 18:33

عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،سہیل انور سیال
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) سندھ کے صوبائی وزیر زراعت سہیل انور سیال کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیاگیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کے ہمراہ ہوم سیکرٹری ،سیکرٹری زراعت، صوبے کے تما م کمشنرز، بیورو آف پرائزز اینڈ سپلائی کے اعلیٰ افسران سمیت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ماہ رمضان کے دوران گراں فروشی اور غیر معیاری اشیا کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ، غیر قانونی بچت بازاروں کا خاتمہ اور عوامی شکایتوں کے ازالے کے حوالے سے قائم کئے جانے والے کمپلین سینٹر کی کارکردگی جیسے معاملات زیر بحث آئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ سندھ بھر کے تما م ضلعی افسران اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی حدود میں واقع کسی بھی علاقے میں غیر معیاری اشیا کی فروخت کا رجحان فروغ نہ پائے اور نہ ہی منافع خوروں کو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

سہیل انور سیال نے مزید کہا کہ ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں سندھ حکومت کی جانب سے عوام کی سہولت کے لئے کمپلین سینٹرکا قیام کیا گیا ہے جہاں گراں فروشی ،ناقص اشیا کی نشاندہی سمیت صارفین اپنی تمام شکایات کے ازالے کے حوالے سے بے جھجک رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔

ناجائز بازاروں کے انعقاد کے حوالے صوبائی وزیر نے واضع کیا کہ غیر قانونی بازاروں کے فروغ اور انعقاد میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی بھی طرح کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے اور بچت بازاروں کو قانونی دائرہ کار میں لا کر عوام کے لئے سہولت پیدا کی جائے۔ سہیل انور سیال نے اس موقع پر جعلی زرعی دواوں کے کاروبار میں ملوث عناصر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یا تو مجرمانہ روش سے باز آئیں ورنہ سخت ترین حکومتی ایکشن کے لئے تیار ہوجایئں۔

صوبائی وزیر نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے وفد کو اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا۔ لوڈشیڈنگ کی ابتر صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ سحر و افطار کے موقع پر بجلی کی موجودگی نہ ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد فائدہ اٹھاتے ہیں۔ صوبائی وزیر کی جانب سے ہوم سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی گئی کہ واپڈا سے رابطہ قائم کرکے عوام میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پھیلی بے چینی کا احوال بیان کیا جائے۔

سہیل انور سیال نے واپڈا کو سندھ حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔ کرپشن اور اقربا پروری کی حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کے تمام محکموں اور اداروں میں تمام معاملات کو شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر جانچنے کی پالیسی وضع کردی گئی ہے جو کہ درحقیقت پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور بھی ہے اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وژن بھی۔

سہیل انور سیال کی جانب سے بیورو آف پرائزز اینڈ کنٹرول کے افسران سے گفتگو میں یہ بات صاف بیان کی گئی کہ غیر قانونی بازاروں کے قیام اور فعالیت میں اگر کسی بھی افسر کو ملوث پایا گیا تو سخت ترین محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان سے مخاطب ہوتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہا کہ کراچی میں لگنے والے تمام غیر قانونی بازاروں کا فی الفور قلع قمع کیا جائے اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ پولیس کو مکمل تعاون کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

میڈیا نمائندگان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں صوبے میں امن عامہ کی صورت حال کافی بہتر ہے اور کرپشن اور مہنگائی کے طوفان کو حکومت اور عوام مل کر ہی شکست دے سکتے ہیں۔