ایئر پورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی لگانے کے خلاف درخواست پر اے ایس ایف کو5جون تک قواعد و ضوابط بنانے کی ہدایت

پیر 29 مئی 2017 18:03

ایئر پورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی لگانے کے خلاف درخواست پر اے ایس ایف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2017ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے لاہور ایئر پورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی لگانے کے خلاف درخواست پر اے ایس ایف کو5جون تک قواعد و ضوابط بنانے کی ہدایت کر دی۔ صحافی تنظیموں کی جانب سے دائر درخواست میں لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا کوریج کی پابندی کو چیلنج کیا گیا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران اے ایس ایف کے سینئر افسر نے بتایا کہ میڈیا کے کوریج کرنے پر پابندی نہیں ہے تاہم سکیورٹی کے مسائل کی وجہ سے کوریج کی اجازت سے مشروط ہے، اے ایس ایف کے آفیسر نے یہ بھی بتایا کہ جو کوئی بھی کوریج کرنا چاہتا ہے وہ درخواست دے کر اجازت لے سکتا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا ہر مرتبہ کوریج کیلئے درخواست دینی ہو گی جس پر اے ایس ایف کے افسر نے بتایا کہ میڈیا کوریج کیلئے ایک دن پہلے درخواست دینا ہو گی۔ لاہور ہائیکورٹ نے اے ایس ایف کو ہدایت کی کہ کوریج کے بارے میں ایس او پیز بنا کر عدالت میں پیش کریں اور سماعت 5 جون تک ملتوی کر دی۔ (ایم خالد)