ہائیکورٹ نے کسان یونین کے صدر کی معطلی کے نوٹس پر عمل درآمد روک دیا

پیر 29 مئی 2017 16:56

ہائیکورٹ نے کسان یونین کے صدر کی معطلی کے نوٹس پر عمل درآمد روک دیا
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء)لاہور ہائیکورٹ نے کسان یونین کے صدر کی معطلی کیخلاف درخواست پر پنجاب حکومت کے معطلی کے نوٹس پر عمل درآمد روک دیا اور صوبائی سیکرٹری زراعت سے جواب طلب کر لیا ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے چودھری منور کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار نے اپنی معطلی کے نوٹس کو چیلنج کیا. درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کسان یونین کے منتخب صدر ہیں ان کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بناتے ہوئے عہدے سے معطل کر دیا۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق کسی منتخب عہدے دار کو کسی نوٹس کے ذریعے عہدے سے معطل نہیں کیا جاسکتا. درخواست گزار کے وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ سیکرٹری زراعت پنجاب نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ سیکرٹری زراعت کے معطلی کے نوٹس کو کالعدم قرار دیا جائے۔