رمضان المبارک میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ توانائی کے پیداواری صوبے کیساتھ نا انصافی ہے، محمود خان

پیر 29 مئی 2017 16:53

رمضان المبارک میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ توانائی کے پیداواری صوبے کیساتھ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیرِ کھیل ، ثقافت، میوزیم، امورِ نوجوانان اور پاکستان تحریکِ انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں وفاقی حکومت صوبے میں جاری غیر اعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے فوری طور پر ٹھو س اقدامات اُٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبے میں امن وامان کی صورتِ حال خراب ہوئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوگی یہاں سے جاری ہونے والے اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ ظالمانہ لوڈشیڈنگ سے صوبے کے عوام تنگ آچکے ہیں اور کسی بھی وقت آپے سے باہر ہوسکتے ہیں لہٰذا وفاقی حکومت کو اس بابرکت مہینے میں ہوش کے ناخن لینے چاہیے اور عوام کو کم از کم رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں ۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے مختلف مقامات پر 1000 مائیکرو ہائیڈل پاور پراجیکٹس لگا رہی ہے جن میں 350 مائیکرو ہائیڈل پاور پراجیکٹس ملاکنڈ ڈویژن جبکہ باقی ماندہ پراجیکٹس کی مختلف مقامات پر تنصیب جاری ہے،جس سے صوبے میں توانائی بحران پر کافی حد تک قابو پایا جا سکے گا۔ محمود خان نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ بہتر منیجمنٹ کو یقینی بناکر لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں کردار ادا کرے اور توانائی کی پیداواری صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک ترک کر کے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے میں اپنا فرض پورا کرے۔