وفاق اگر بجلی میں اس صوبہ کا آئینی حق دیتا تو آج لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نہ نکلتے، شاہ فرمان

بجلی کی پیداوار میں 13فیصدحق خیبر پختونخوا کا بنتا ہے لیکن وفاق صوبہ کو اس کاآئینی حق نہیں دے رہا ہے،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

پیر 29 مئی 2017 16:52

وفاق اگر بجلی میں اس صوبہ کا آئینی حق دیتا تو آج لوڈشیڈنگ کے ستائے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور آبنوشی شاہ فرمان نے کہا ہے کہ وفاق اگر بجلی میں اس صوبہ کا آئینی حق دیتا تو آج لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نہ نکلتے، بجلی کی پیداوار میں 13فیصدحق خیبر پختونخوا کا بنتا ہے لیکن وفاق اس صوبہ کو اس کاآئینی حق نہیں دے رہا ہے، یہاں سے جاری ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاق اگر ہمیں بجلی کی مد میں اپنا حق دے دے تو یہاں لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم ہو سکتی ہے لیکن وفاق ہماری بجلی چوری کر کے دوسرے صوبوں کو دے رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے رہنما امیر مقام اپنی نوکری پکی کرنے کے چکر میں اپنے ہی عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، امیر مقام اپنی قیادت سے اس صوبہ اور عوام کے بجلی کے 13فیصد حق کی بات کیوں نہیں کرتے ہیں، امیر مقام اس صوبہ کے عوام کوبتائیں کہ مرکز اس صوبہ کو بجلی کا 13فیصد حق اوربجلی کے خالص منافع کی رقم کیوں ادا نہیں کررہا ہے، شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ وفاق جان بوجھ کر بجلی اور گیس کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کر کے لوگوں کو تحریک انصاف سے متنفر کرا رہا ہے لیکن ہم وفاق کی یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، عام لوگ وفاق اور صوبے کے اختیار اور دائرہ کار سے بخوبی واقف ہیں، ماہ صیام کے آغاز سے ہی خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ سے مرکزی حکومت کی ناکامی عوام کے سامنے آ گئی ہے،لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کی ہر وقت تاریخ دینے والوں نے لوڈ شیڈنگ میں ریکارڈ اضافہ کر دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے اگر بجلی کی ناروا اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ پر قابو نہ پایا تو حالات کی خود ذمہ دار ہو گی، وفاقی حکومت توانائی سمیت ہر شعبہ میں عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔