آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں تاریخی اضافہ سے ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی، وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر

پیر 29 مئی 2017 16:48

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں تاریخی اضافہ سے ترقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں تاریخی اضافہ سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوںنے یہ بات پیر کو یہاں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ یہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی تاریخ میں شایدپہلی دفعہ ہے کہ کسی بھی وزیراعظم نے وہاں کی عوام سے کئے گئے وعدوں پر اتنی جلدی عملدرآمد ممکن بنایا ہو جس پرآزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ آزاد کشمیر کے بجٹ میں10 ارب سے 22 ارب روپے تک کا یکمشت اضافہ اور اسی طرح گلگت بلتستان کے بجٹ میں 9 ارب سے 12 ارب روپے کا اضافہ محمدنواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی اُس سوچ کی کھلی عکاسی کرتا ہے کہ جس کے تحت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کو ترقی وخوشحالی کے حوالے سے نہ صرف ملک کے دیگر حصوں کے برابر لایا جائے گا بلکہ ان کو پاکستان کے مثالی خطوں میں تبدیل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک دوسال کی قلیل مدت میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام محمدنواز شریف کے وژن کا عملی مظاہرہ آج آزادکشمیر و گلگت بلتستان میں دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے درینہ مطالبے گلگت سکردو روڈ کے لیے سات ارب روپے سے زائد کے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں اور اسی طرح سی پیک پراجیکٹ کے تحت میر پور، منگلا۔

مظفرآباد، مانسہرہ شاہراہ کیلئے بھی فنڈز رکھ دیئے گئے ہیں جس پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ماضی میں قائم ہونے والی حکومتوں نے محض زبانی کلامی وعدے کئے اور عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح محمدنواز شریف پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کیلئے پرعزم ہیں اسی طرح وہ سی پیک و دیگر منصوبوں کے تحت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو پاکستان کا ٹائیگر بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی خلوص نیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے 3 سال کے قلیل عرصہ میں دیامر بھاشا ڈیم کی زمین کا حصول مکمل کرکے اس کو تعمیر کی سٹیج پر لے آئی ہے اور عنقریب اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا۔ اُنہوںنے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی نااہلی اور کرپشن کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے میرٹ کی پامالی اور بوگس ملازمین کے ذریعے بھی آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے وسائل کو تباہ کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ اس کے برعکس آج محمدنواز شریف کی قیادت میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں اُن کے وژن کے عین مطابق صاف و شفاف حکومتیں قائم کی گئی ہیں جودن رات آزادکشمیر و گلگت بلتستان میں گڈ گورننس کے قیام کیلئے کوششیں کررہی ہیں آج ان دونوں خطوں میں میرٹ کی پاسداری قائم ہو چکی ہے اورعوام کے ایک ایک پیسہ کو امانت جان کر اُن کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں اس تاریخی اضافے کو آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتیں وزیراعظم محمدنواز شریف کی خصوصی ہدایت کے مطابق شفاف طریقے سے عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں گی اور وزیر اعظم کے ترقی کے اُس وژن کی تکمیل کی جائے گی کہ جس وژن کو ان علاقوں کے عوام نے سہراتے ہوئے یہاں مسلم لیگ (ن) کو بھرپور کامیابی سے ہمکنار کیا ۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ وعدوں کی تکمیل محمد نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کا قیمتی اثاثہ ہیں جس کو آج پورے پاکستان میں بھرپور پذیر ائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے پاس خاطر خواہ وسائل موجود ہیں اس کے باوجود محمد نواز شریف کا اُن سے وعدہ ہے کہ ترقی کے اس سفر میں اگر انہیں اور بھی وسائل چاہیے ہوں گے تووہ بھی ہر حال میں فراہم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :