ڈپٹی کمشنرعمارہ خان اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کا سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ ‘پھلوں اورسبزیوں کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر کا الہ آباد ‘پرانی منڈی پتوکی اور پھولنگر سستے رمضان بازار وں کا بھی دورہ ‘تمام اشیاء کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا ‘رمضان بازاروں میں ناجائز منافع خوری اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کی ہرگز اجازت نہ دی جائیگی ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

پیر 29 مئی 2017 16:25

ڈپٹی کمشنرعمارہ خان اور ڈی پی او سید علی ناصر رضوی کا سبزی و فروٹ منڈی ..
قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان اور ڈی پی او سید علی ناصر رضو ی کا صبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ ،پھلوں ، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے منڈی دورہ کے موقع پر پھلوں ، سبزیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں اور معیار کا تفصیل سے جائزہ لیا اور آڑھتیوں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں اور پھل ،سبزیوں اور دیگر اشیاء کو ضلعی حکومت کے مقرر کردہ ریٹس پر فروخت کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے منڈی میں آئے ہوئے صارفین سے نرخوں کے حوالے سے بھی دریافت کیا ۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سبزیوں اور فروٹس وغیرہ میں صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں اور گرانفروشی ، ذخیرہ اندوزی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے منڈی میں سٹاف کی حاضری ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کو بھی چیک کیا ۔

علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے الہ آباد ‘پرانی منڈی پتوکی اور پھولنگر سستے رمضان بازار وں کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر تمام اشیاء کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لگائے گئے سستے رمضان بازاروں میں عوام کو ناصرف مختلف اشیائے خوردونوش پر خصوصی سبسڈی دی جارہی ہے بلکہ ان اشیاء کی کوالٹی کو بھی مسلسل یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

ضلع بھر میں قائم تمام سستے رمضان بازاروں پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و دیگر افسران ڈیوٹی دے رہے ہیں جو اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سستے رمضان بازاروں میںصفائی ستھرائی ، سیکورٹی اور بزرگ مرد و خواتین کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کی ہرگز اجازت نہ دی جائیگی اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔