جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دیدی

شہر میں ایمرجنسی نافذ کر کے کے الیکٹرک کی انتظامیہ کو فوری طور پر حراست میں لیا جائے ،حافظ نعیم الرحمان

پیر 29 مئی 2017 16:03

جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دیدی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کے الیکٹرک کے خلاف آئینی درخواست سندھ ہائی کورٹ میں جمع کرا دی ، ان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی نافذ کرکے کے الیکٹرک کی قیادت کو گرفتار کیا جائے اور اسے قومی تحویل میں لیا جائے ۔ پیر کو سندھ ہائیکورٹ میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کے الیکٹرک کے خلاف آئینی درخواست دائر کردی ۔

(جاری ہے)

بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی نافذ کرکے کے الیکٹرک کی قیادت کو گرفتار کیا جائے ۔ کے الیکٹرک کو فوری قومی تحویل میں لیا جائے ۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو کے الیکٹرک کے خلاف استعمال کرنے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ کے الیکٹرک کا فارنزک آڈیٹ ہونا چاہئے ۔ کے الیکٹرک کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرا رہے ہیں ، کے الیکٹرک ایک جانب لوڈشیڈنگ کر رہی ہے ، دوسری جانب اوور بلنگ سے شہریوں کا خون چوس رہی ہے ، کے الیکٹرک دو سو ارب روپے لوٹ کر فرار ہونا چاہتی ہے ، وفاق اس میں مدد کر رہا ہے۔