وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر کے عوام کو اربوں روپے کا تاریخی رمضان پیکج دیا ہے،وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

پیر 29 مئی 2017 16:03

وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبہ بھر کے عوام کو اربوں روپے کا تاریخی رمضان پیکج ..
اٹک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے صوبہ بھر کے عوام کو اربوں روپے کا تاریخی رمضان پیکج دیا گیا ہے اس میں دس اور بیس کلو آٹے کے تھیلے اور دیگر اشیائے خوردونوش ،پر نو ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اشیائے خوردونو ش کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کے لیے صوبہ بھر میں تین سو اٹھارہ رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ صوبہ بھر میں تین سو اٹھارہ فیئر پرائس شاپس بھی قائم کی گئی ہیں،جہاں سے دال چنا، بیسن ،کیلا ، سیب اور کھجور رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔

چینی آٹھ روپے فی کلو گرام اور گھی دس روپے فی کلو گرام مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ چکن دس روپے فی کلو گرام اور انڈے فی درجن پانچ روپے کم قیمت پر فروخت کیے جائیں گے۔ رمضان بازاروں میں دس کلو گرام آٹے کا تھیلا دوسو پچاس اور بیس کلو گرام آٹے کا تھیلا پانچ سو روپے میں دستیاب ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے صوبے بھر میں دو ہزار سے زائد مدنی دسترخوان قائم کیے گئے ہیں ۔

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ضلع اٹک میں چھ رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں اس کے علاوہ فیئر پرائس شاپس کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے ۔ ضلع بھرمیں افطار دستر خوان اور مدنی دستر خوان بھی قائم کیے گئے ہیں۔ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کے لیے تحصیل و ضلعی سطح پر کنٹرول رومز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں سے ضلع بھر کے رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

ضلعی پولیس اٹک کے تعاون سے ضلع بھر کے رمضان بازاروں کو فول پروف سکیورٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔ اور تمام بازاروںمیں میٹل ڈیٹکٹر ز اور واک تھرو گیٹس بھی نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہر آنے جانے واکے شخص پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ضلع بھر کے رمضان بازاروں کے لیے اے ڈی سی جی کو فوکل پرسن نامز د کیا گیا ہے جو اپنی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں ۔

اس کے علاوہ ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز ، اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین اور چیف افسران کے تعاون سے لگائے گئے رمضان بازار کامیابی سے جاری ہیں۔ حکومت پنجاب نے اس سلسلے میں عوام کی سہولت کے لیے ٹول فری نمبر بھی جاری کیا ہے جو 0800-02345ہے ۔ اس نمبر پر کسی بھی وقت معلومات کے لیے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :