کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس

وزیراعظم محمد نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران بجلی کی کم سے کم لوڈ شیڈنگ کے احکامات دے دیئے،کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ طلب

پیر 29 مئی 2017 16:00

کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ پیر کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کے موجودہ شیڈول پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹ موسم گرما کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے فعال اور حل پر مبنی سوچ اپنائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی بجلی کی قلت کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گی جب تک عوام کو ریلیف نہیں مل جاتا۔ صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس کل منگل کو دوبارہ طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بتایا گیا کہ مارچ 2018ء میں 9 ہزار 107 میگاواٹ کی اضافی بجلی ٹرانسمیشن سسٹم میں دستیاب ہو گی۔

سیکرٹری پانی و بجلی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کابینہ کی توانائی کمیٹی کے گذشتہ اجلاس کے فیصلوں پر پیشرفت، حالیہ لوڈ مینجمنٹ پلان، سرکلر ڈیٹ، آنے والے توانائی کے منصوبوں سے بجلی کی تقسیم اور ٹرانسمیشن اور پاور پلانٹس کے استعمال کے حوالہ سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ بھکی اور حویلی بہادر شاہ پلانٹس کے کچھ ٹربائن کو معمول کے تکنیکی مسائل کا سامنا ہے جو مینوفیکچر کی جانب سے حل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی خصوصی کمیٹی روایتی ایندھن سے ایل این جی پر منتقلی کیلئے متوازن متبادل منصوبہ پر کام کر رہی ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ بجلی کی پیداوار اور تقسیم کے نظام کی مانیٹرنگ کا کام باقاعدگی کے ساتھ کیا جا رہا ہے جبکہ 270 منصوبوں کی بھی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

چیف ایگزیکٹو افسران اور ڈسکوز کے ساتھ آپریشنل مسائل کے حل کیلئے باقاعدہ اجلاس ہو رہے ہیں۔ وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ کراچی سے لاہور ایل این جی نئی گیس ٹرانسمیشن پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔ کمیٹی نے گیس پائپ لائن پر کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور دیگر حکام نے شرکت کی۔