حیدرآباد سمیت صوبے بھر میں رمضان المبارک کے لیے سکیورٹی کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں،وزیر داخلہ سہیل انور سیال

پیر 29 مئی 2017 16:00

حیدرآباد سمیت صوبے بھر میں رمضان المبارک کے لیے سکیورٹی کے مکمل انتظامات ..
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا ہے کہ حیدرآباد سمیت صوبے بھر میں رمضان المبارک کے لیے سکیورٹی کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اس حوالے سے 19 گریڈ سے بالا افسران کاایک واٹس ایپ گروپ بھی بنایا گیا ہے جس میں موجود تمام اعلیٰ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خود دورے کرکے امن امان کی صورتحال کو مانیٹر کریں اور فوری طور پر مجھے بھی باخبر رکھیں، انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت آنے کے بعد سے امن امان کی صورتحال میں یقینی بہتری آئی ہے اور آج ہم یہ کہے سکتے ہیں کہ ملک کے تمام صوبوں کے مقابلے میں سندھ میں امن امان کی صورتحال بہتر ہے، لیکن اسے مزید بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، لوڈشیڈنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسی لوڈشیڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ دہشتگرد عوامل اپنا کام کردکھادیتے ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ میں نے تین یوم پہلے سکیورٹی کے حوالے سے کراچی میں ایک اجلاس کیا تھا، جس میں یہ استدعا کی گئی تھی کہ رمضان المبارک میں تراویح ، سحری اور افطاری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کی جائے، ایک سوال کے جواب میں سہیل انور سیال نے کہا کہ میں سابق صدر آصف علی زرداری ،پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈرز کاشکرگذار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور جو ٹاسک مجھ ملا ہے وہ امن امان کے حوالے سے عوام کو ریلیف دینا ہے، پریس کانفرنس میں ڈی آئی جی حیدرآباد خادم حسین رند ایس ایس پی حیدرآباد عرفان بلوچ اور پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما بھی موجود تھے، صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے قاسم آباد کے بعض علاقوں کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :