وزیراعظم نواز شریف کا لوڈشیڈنگ کے موجودہ شیڈول پر اظہار برہمی

رمضان المبارک میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے،موسم گرما میں صارفین کو زیادہ ریلیف کی فراہمی کی قابل عمل حکمت عملی اپنائی جائے،بجلی کی قلت کے باعث حکومت کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے،عوام کو ریلیف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیراعظم نواز شریف کا توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی اجلاس سے خطاب

پیر 29 مئی 2017 15:48

وزیراعظم نواز شریف کا لوڈشیڈنگ کے موجودہ شیڈول پر اظہار برہمی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2017ء) وزیراعظم نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کے موجودہ شیڈول پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے،موسم گرما میں صارفین کو زیادہ ریلیف کی فراہمی کی قابل عمل حکمت عملی اپنائی جائے،بجلی کی قلت کے باعث حکومت کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے،عوام کو ریلیف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وہ پیر کو توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی برائے توانائی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کے موجودہ شیڈول پر اظہار برہمی کیا اور ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں کم سے کم لوڈشڈنگ کی جائے۔موسم گرما میں صارفین کو زیادہ ریلیف کی فراہمی کی قابل عمل حکمت عمل اپنائی جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ مارچ 2018تک مزید 9107میگاواٹ بجلی نظام میں شامل ہوجائے گی۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ بجلی کی قلت کے باعث حکومت کو عوام کے مسائل کا ادراک ہے۔عوام کو ریلیف کے فراہم تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔وزیراعظم نواز شریف نے صورتحال کے مدنظر کابینہ کمیٹی توانائی کا اجلاس (آج) منگل کو پھر طلب کرلیا۔اجلاس میں سیکرٹری پانی وبجلی نے لوڈ مینجمنٹ پلان ،زیرگردش قرضہ اور تقسیم وترسیل کے نظام پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھکھی اور حویلی بہادرشاہ کے پلانٹس کو معمول کے مکینیکل مسائل کا سامنا ہے ۔پلانٹس کی بعض ٹربائنز میں مکینیکل مسئلے کومینوفیکچررز کی مدد سے دور کیا جارہا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹربائنز کی مرمت کا کام جلد مکمل کیاجائے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ خصوصی کمیٹی روایتی ایندھن کو ایل این جی میں تبدیل کرنے پر کام کررہی ہے۔ایل این جی میں منتقل ایندھن پلانٹس میں استعمال ہوگا۔بجلی کی تقسیم اور پیداوار کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ایل این جی کی ترسیل کے لیے کراچی سے لاہور تک نئی گیس پائپ لائنز بچائی جاری ہیں۔کابینہ کمیٹی توانائی نے گیس پائپ لائنز کے کام پراظہار اطمینان کیا۔