درگئی، لوڈ شیڈنگ کے خلاف ورتیر کے عوام کا احتجاج، فائرنگ سے آئی ایس ایف کے سابق صدرجاوید جا ں بحق

درگئی واپڈا سب ڈویژن ٹو کے دفاتر نظر آتش ،گیٹ توڑ کر مظاہرین واپڈا دفاتر میں داخل ہوگئے،کمپیوٹر اور دیگر آلات کی توڑ پھوڑ ،لیویز کی شیلنگ سے 14 افراد زخمی،مظاہرین کے پتھرائو سے اسسٹنٹ کمشنر درگئی سردار بہادر زخمی، مظاہرین نے درگئی چوک میں توڑ پھوڑ کرکے مین مالاکنڈ روڈ بلاک کردیا، مظاہرین کا دکانوں، سرکاری املاک ، چوک میں نصب کیمروں اور سائن بورڈ پرپتھرائو ، کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے، ایم این اے جنید اکبر خان مظاہرین کے احتجاج میں شامل ،زخمیوں کی عیادت

پیر 29 مئی 2017 15:29

درگئی، لوڈ شیڈنگ کے خلاف ورتیر کے عوام کا احتجاج، فائرنگ سے آئی ایس ..
درگئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2017ء) ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ورتیر کے عوام کا احتجاج،مظاہرین پر فائرنگ سے آئی ایس ایف کے سابق صدرجاوید خان طوفان جان بحق ہوگئے ، درگئی واپڈا سب ڈویژن ٹو کے دفاتر کو نظر آتش کردیا گیا،گیٹ توڑ کر مظاہرین واپڈا دفاتر میں داخل ہوگئے،کمپیوٹر اور دیگر آلات کی توڑ پھوڑ ،لیویز کی شیلنگ سے 14 افراد زخمی،مظاہرین کے پتھرائو سے اسسٹنٹ کمشنر درگئی سردار بہادر زخمی، مظاہرین نے درگئی چوک میں توڑ پھوڑ کرکے مین مالاکنڈ روڈ بلاک کردیا، مظاہرین نے دکانوں، سرکاری املاک ، چوک میں نصب کیمروں اور سائن بورڈ پرپتھرائو کیا ، کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے، پی ٹی آئی کے این ایم اے مالاکنڈ جنید اکبر خان درگئی عین موقع پر پہنچ کر مظاہرین کے ساتھ شامل ہوگئے اور بعد ازاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی زخمیوں کی عیادت کے لئے روانہ ہو ئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تحصیل درگئی کے یونین کونسل ورتیر کے ہزاروں مظاہرین نے ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف زبردست ڈنڈا بردار احتجاجی جلوس نکالتے ہوئے پیسکو درگئی سب ڈویژن کے دفاتر پر دھاو بول دیا اور واپڈا سب ڈویژن ٹو کے دفاتر کو نظر آتش کرکے واپڈا کے کمپیوٹرز اور دیگر آلات تورڈالے۔ ادھر حالات بے قابو ہونے کی صورت میں مالاکنڈ لیویز کی مبینہ فائرنگ سے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن درگئی کالج کے سابقہ صدر جاوید خان طوفان ولد باور خان ساکن ورتیر فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے ہیں اور فائرنگ اور پتھرائو سے 14مظاہرین زخمی ہوگئے جن میں دو لیویز سپاہیوں سمیت اسسٹنٹ کمشنر درگئی سردار بہادر بھی شدید زخمی ہوگئے ۔

پیسکو دفاتر کو نظر آتش کرنے اور فائرنگ واقعہ کے بعد مظاہرین مین درگئی چوک میں جمع ہوگئے۔ جہاں مین مالاکنڈ روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند کرتے ہوئے مظاہرین نے سرکاری املاک ، ٹیلیفون کیبلز ، سیاسی پارٹیوں کے سائن بورڈز ، مین چوک درگئی میں نصب کیمرے پر شدید پتھرائو کیاگیا جس سے ان سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچا۔ پی ٹی آئی کے این ایم اے مالاکنڈ جنید اکبر خان نے درگئی عین موقع پر پہنچ کر مظاہرین کے ساتھ شامل ہوگئے اور بعد ازاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی زخمیوں کی عیادت کے لئے روانہ ہوگئے۔

مشتعل مظاہرین نے درگئی بزار میں دکانداروں اور گاڑیوں پر بھی شدید پتھرائو کیا جس سے کئی دکانوں اور گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔ مظاہرین پر فائرنگ کے دوران شدید زخمی جاوید خان کے جاںبحق ہونے کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتا ل درگئی سے جاوید خان طوفان کی نعش درگئی چوک اور بعد ازاں درگئی لیویز تھانہ درگئی لایا گیا جہاں نعش رکھ کر مظاہرین نے زبردست نعرہ بازی کی اور مشتعل مظاہرین نے اس دوران درگئی لیویز تھانہ کی عمارت کو بھی آگ لگادی بعد ازاں حالات کی کشیدگی پر فوج کو طلب کرلیا گیا ۔

تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی میںپہنچائے گئے زخمیوں میں دو لیویز جوان سمیت اسسٹنٹ کمشنر درگئی سردار بہادر گائوں ورتیر قدم خیلہ ، دوبندئی سے تعلق رکھنے والے شہاب خان ولد سید رحمان ، نیاز علی ولد سید آمین، ابراہیم ولد سید احمد شاہ ، سید آمین ولد گلیم شاہ ، محمد شاہ ولد احمد گل و دیگر کل 14زخمی شامل ہیں۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال درگئی میں فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر درگئی سردار بہادر سمیت کئی دیگر زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد مردان ریفر کردئے گئے ۔ درگئی لیویز تھانہ کو نظر آتش کرنے کے بعد حالات کشیدہ ہیں اور پر تشدد ہنگامہ کے واقعہ کی ایف آئی آر تاحال درج نہیں کرائی جاسکی ۔

متعلقہ عنوان :