حافظ محمد سعیدودیگر رہنمائوں کی نظربندی کے حوالہ سے کیس کی سماعت یکم جون تک ملتوی

پیر 29 مئی 2017 14:53

حافظ محمد سعیدودیگر رہنمائوں کی نظربندی کے حوالہ سے کیس کی سماعت یکم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) لاہور ہائی کورٹ نے امیر جماعةالدعوة پروفیسر حافظ محمد سعیدودیگر رہنمائوں کی نظربندی کے حوالہ سے کیس کی سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی ۔گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خاں کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت شروع کی توسرکاری وکیل نے کہا کہ وفاقی نظر ثانی بورڈ نے نظربندی میں توسیع کے حوالہ سے فیصلہ کر دیا ہے لیکن ابھی تک ہمارے پاس پہنچا نہیں ہے اس لئے مزید وقت دیا جائے ۔

جس پر حافظ محمد سعید کے وکیل اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے کہاکہ 29اپریل کو جماعةالدعوة کے رہنمائوں کی نظربندی کے تین ماہ مکمل ہو چکے ہیں۔ آئین کے آرٹیکل 10(4)کے تحت حافظ محمد سعید و دیگر کی نظربندی کی مدت ختم ہونے سے قبل ریویو بورڈ کے روبرو انہیں پیش کرنا اور ان کا موقف سننا ضروری تھا تاہم اس کیس میں ایسا نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح جہاں تک ریویوبورڈکا معاملہ ہے تو اس کی حیثیت انتظامی ہے اور اس کے اختیارات محدود ہیں۔

مفاد عامہ کے اس کیس کومزید لمبا نہیں ہونا چاہئے۔عدالت جماعةالدعوة کے رہنمائوں کی نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے فی الفور ان کی رہائی کا حکم جاری کرے۔ فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم جون جمعرات تک ملتوی کر دی ۔ حافظ محمد سعید کیس کی سماعت کے دوران جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی سمیت وکلاء ، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔

متعلقہ عنوان :