ایل او سی کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا ،ْ گاڑی میں سوار چار افراد زخمی

گاڑی ایل ای ایس-8021 راولپنڈی سے مسافروں کو لے کر کھلیانہ کے علاقے میں آرہی تھی کہ واقعہ پیش آیا زخمیوں میںڈرائیور ارم عباس مختیار احمد، چنگیز لطیف اور رحمت حسین شامل ہیں

پیر 29 مئی 2017 14:33

ایل او سی کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا ،ْ گاڑی میں سوار ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے زد میں آکر ایک گاڑی میں سوار 4 افراد زخمی ہوگئے۔وادی جہلم کے ڈپٹی کمشنر عبدالحامد کانی کے مطابق ایک مسافر گاڑی (ایل ای ایس-8021) راولپنڈی سے مسافروں کو لے کر کھلیانہ کے علاقے میں آرہی تھی کہ رات کوواقعہ پیش آیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جس وقت گاڑی مسافروں کو لے کر ان کی منزل کے قریب پہنچی گاڑی کے ڈرائیور نے سڑک کے درمیان میں پتھر پڑے ہوئے دیکھے اور سڑک کی تنگی کے باعث گاڑی کو ان سے بچانے کیلئے سڑک کے کنارے پر کچے حصے کی جانب موڑ دیا جس کے بعد یہاں نصب آئی ای ڈی دھماکا خیز مواد پھٹ گیاانھوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور اور 3 مسافر زخمی ہوئے جن کی شناخت ڈرائیور ارم عباس اور دیگر 3 مسافر مختیار احمد، چنگیز لطیف اور رحمت حسین کے ناموں سے ہوئی۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد ریسکیو عملے نے زخمیوں کو مظفر آباد ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ڈپٹی کمشنر وادی جہلم کے مطابق ایک بھارتی پوسٹ دھماکے کے مقام کے انتہائی نزدیک ایل او سی کے دوسری جانب قائم ہے اس لیے مقامی انتظامیہ اور پاک فوج نے مذکورہ مقام پر دوسرے ممکنہ دھماکے کے پیش نظر سرچ آپریشن نہیں کیا۔انھوں نے کہا کہ پہلے دھماکے کے ایک گھنٹے کے بعد اس مقام سے کچھ فاصلے پر دوسرا دھماکہ ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ دو ماہ قبل ایسے ہی ایک دھماکے میں 3 مسافر زخمی ہوگئے تھے ،ْاس کے علاوہ ایک مقامی شخص اپنے مکان میں دھماکا خیز مواد کی تیاری کے دوران ہلاک ہوگیا تھا۔

متعلقہ عنوان :