Live Updates

عمران خان کے خلاف درجنوں مقدمات ،ان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے،دانیال عزیز

پیر 29 مئی 2017 14:17

عمران خان کے خلاف درجنوں مقدمات ،ان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے،دانیال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2017ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ تین سال گذرنے کے باوجود ایک اہم کیس میں عمران خان کو نوٹس تک نہیں بھیجا گیا، عمران خان کسی عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، بار بار درخواست کے باوجود عمران خان کے خلاف جے آئی ٹی نہیں بنائی جا رہی۔ الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرانے کے لئے عمران خان نے خود 29 مئی کی تاریخ مانگی تھی تاہم آج وہ ایک کاغذ تھما کر چلے گئے۔

وہ پیر کو یہاں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کیس میں بار بار یہ درخواست کی گئی کہ تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنائی جائے، قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے، بار بار کی درخواست کے باوجود جے آئی ٹی کیوں نہیں بنائی جا رہی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے پہلے 10 ارب روپے کی پیشکش کا بیان دیا، الیکشن کمیشن اور ایف بی آر کے چیئرمین کے بارے میں الزامات پر بھی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

(ن) لیگ ریفرنس کے ساتھ بات کرتی ہے تو اس وقت ہمیں کہا جاتا ہے کہ بے جا تنقید سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ کئی کئی مہینے گذر جاتے ہیں لیکن عمران خان کے خلاف کیس کی سماعت کے لئے بینچ تک نہیں بنائے جاتے۔ عمران خان کے خلاف درجنوں مقدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے میرے خلاف توہین عدالت اور ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ ابھی تک میرے خلاف ایسی درخواست دائر نہیہں کر سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :