مالا کنڈ، بجلی کے ستائے عوام کا احتجاج، واپڈا ہائوسنذر آتش

لیویز کی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ ،ایک شخص جاں بحق،تین زخمی،حالات کشیدہ ،لیویز اہلکاروں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا پشاور میں بھی لوڈشیڈنگ سے تنگ افراد کا مظاہرہ ، اچینی چوک اور رنگ روڈ ٹریفک کے لئے معطل کر دیا

پیر 29 مئی 2017 14:07

مالا کنڈ، بجلی کے ستائے عوام کا احتجاج، واپڈا ہائوسنذر آتش
پشاور / مالا کنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2017ء) پشاور اور مالا کنڈ بجلی کے ستائے عوام کا احتجاج واپڈا ہائوس جلا دیا ۔ لیویز کی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہونے والی ہوائی فائرنگ میں ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز مالا کنڈ کے علاقے درگئی میں بجلی کی ستائی دربندی اور وتیر کے لوگوں نے درگئی دفتر پر دھاوا ڈال دیا اور دفتر میں موجود فرنیچر اور سارے ریکارڈ کو آگ لگا دی ۔

حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے لیویز اہلکاروں کو بلایا گیا ۔ لیویزنے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فائرنگ سے ایک مظاہرہ کرنے والا شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے اور تمام مظاہرین منتشر ہو گئے جس کے بعد حالات کشیدہ ہونے کے تناظر میں لیویز اہلکاروں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پشاور کے مختلف علاقوں کے بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ افراد نے ایم پی اے فضل الہی کی قیادت میں اچینی چوک اور رنگ روڈ ٹریفک کے لئے معطل کر دیا اور مظاہرین نے ڈنڈے اٹھا کر سڑک پر ٹائر جلائے ۔

بعدازاں پیسکو حکام کی جانب ایم پی اے فضل الہی سے مذاکرات کئے گئے اور یقین دہانی کرائی گئی کہ اب لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی جس کے بعد احتجاجی مظاہرہ ختم کر دیا گیا ۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت شوکت یوسفزئی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ اگر پیسکو حکام کنڈا اور بجلی چوری کونے والوں کی نشاندہی کرا دیں تو صوبائی حکومت فوری طور پر کارروائی کرے گی اور ایسے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی لیکن پیسکو حکام صرف ہوا میں تیر چلاتے ہیں ادھر ترجمان پیسکو نے بتایا کہ احتجاج کرنے والے مظاہرین کے علاقوں میں 88 فیصد خسارے کا سامنا ہے جس کی وجہ سے 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کر رہے تھے لیکن معاملات کو کشیدہ کرنے کی بجائے مذاکرات سے حل کیا جائے ۔