یمنی حوثیوں کی نمازِ تراویح روکنے کی دھمکی، لاؤڈ اسپیکروں کی بندش

ْآئمہ نماز تروایح روک دیں یاکم ازکم لائوڈ اسپیکراستعمال نہ کریں،ملیشیائوں کی انتباہی مہم

پیر 29 مئی 2017 12:25

یمنی حوثیوں کی نمازِ تراویح روکنے کی دھمکی، لاؤڈ اسپیکروں کی بندش
صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2017ء) یمن کے دارالحکومت صنعا میں باغی حوثی ملیشیاؤں نے آئمہ مساجد کو نماز تراویح سے روک دینے کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔ یہ اقدام نمازیوں کے لیے اشتعال انگیزی اور حوثی جماعت کے فرقہ وارانہ رجحانات کا مظہر ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ملیشیاؤں نے انتباہی مہم شروع کی ہے جس میں مساجد کے آئمہ سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ نماز تراویح کو روک دیں یا کم از کم نماز تراویح کی ادائیگی کے دوران لاؤڈ اسپیکروں کو بند کر دیں۔

صنعا میں کئی مساجد کے آئمہ نے اس حوالے سے سخت لہجے پر مشتمل انتباہی نوٹفکیشن موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ماہ رمضان کے دوران وزارت اوقاف کی جانب سے مجوزہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

آئمہ کے مطابق حوثی ارکان اٴْس وقت تک مساجد سے نہیں جاتے جب تک مساجد کے آئمہ ان معاہدوں پر دستخط نہیں کر دیتے جن کے مطابق مسجد کے اندر کسی قسم کا درس اور بیان نہیں دیا جائے گا اور لاؤڈ اسپیکروں کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔

صنعاء کی کئی مساجد میں نماز تراویح کے دوران لاؤڈ اسپیکروں کی بندش دیکھی گئی ہے۔آئمہ مساجد نے واضح کیا کہ اٴْن پر مسلط شروط میں "حوثی جماعت اور لڑائی کے محاذوں پر اس کے جنگجوؤں کے لیے دعا بھی شامل ہے۔حوثی ملیشیاؤں نے گزشتہ عرصے کے دوران اپنے زیر کنٹرول صوبوں میں درجنوں مساجد پر دھاوا بول کر وہاں اپنے خطیب مقرر کر دیے۔ علاوہ ازیں مذکورہ مساجد کے اصل آئمہ اور خطیبوں کو گرفتار اور اغوا بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ 21 ستمبر 2014 کو یمنی دارالحکومت پر باغیوں کے قبضے کے بعد سے درجنوں خطیب حوثیوں کے ہاتھوں اغوا اور تشدد سے بچنے کے لیے دیگر صوبوں یا عرب ممالک نقل مکانی کر گئے۔باخبر ذرائع کے مطابق جو آئمہ مساجد حوثیوں کے چنگل میں آنے سے پہلے ہی راہ فرار اختیار کر گئی.. ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو گرفتاری اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔یمن کی آئینی حکومت کی وزارت اوقاف نے کچھ عرصہ قبل ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں انکشاف کیا گیا کہ حوثی اور معزول صالح کی ملیشیائیں 750 مساجد کو دھماکوں ، گولہ باری اور لوٹ مار کا نشانہ بنا چکے ہیں جب کہ متعدد صوبوں میں 150 آئمہ مساجد اور خطیبوں کو اغوا بھی کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :