اسلام آباد ایئرپورٹ سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے کے 2 اہلکار رنگے ہاتھوں گرفتار

پیر 29 مئی 2017 12:01

اسلام آباد ایئرپورٹ سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث پی آئی اے کے 2 اہلکار ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مئی2017ء) بے نظیر ائیرپورٹ سے پی آئی اے کے 2 ملازمین کو 3 افغان خواتین کو جعلی دستاویزات پر لندن بھجوانے کی کوشش میں رنگے ہاتھوں پکڑ لیاگیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق بینظیر ایئرپورٹ پر 3 افغان خواتین نے کابل کے بورڈنگ پاسز لیے، ایف آئی اے کی کلیئرنس کے بعد افغان خواتین نے برطانیہ کی جعلی دستاویزات لیں اور کابل کے بجائے لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 785 میں سوار ہونے کا انتظار کرنے لگیں۔

(جاری ہے)

اسی اثنا میں ایف آئی اے اہلکاروں نے شبہ ہونے پر تحقیقات کی تو سارا بھانڈا پھوٹ گیا۔ایف آئی اے نے تینوں خواتین کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کی تو اس واقعے میں پی آئی اے کے 2 اہلکار نسیم اور اسرار براہ راست ملوث پائے گئے، دونوں اہلکاروں کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات سے برطانیہ جانے والی تینوں افغان خواتین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جب کہ پی آئی اے کے دیگر عملے کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ۔