خیبر پختونخوا میں بجلی کی طویل اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 مئی 2017 11:17

خیبر پختونخوا میں بجلی کی طویل اورغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج ..
 پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29مئی۔2017ء) خیبر پختونخوا میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ آئے لوگوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مالاکنڈ میں مشتعل افراد نے واپڈا دفتر کو آگ لگا دی ہے۔خیبر پختونخوا میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام سراپا احتجاج ہیں، صوبے کے مختلف علاقوں میں پر تشدد احتجاج جاری ہیں۔

مالاکنڈ کے علاقے درگئی میں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے واپڈا ہاوس کاگھیراﺅ کرلیا، لوگوں نے دفتر میں گھس پر ریکارڈ اور دیگر سامان کو آگ لگانے کے بعد عمارت کو بھی نذر آتش کردیا، صورت حال قابو سے باہر ہونے پر لیویز اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے تاہم علاقے میں اب بھی کشیدگی برقرار ہے۔

(جاری ہے)

چارسدہ کے علاقے عمرزئی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے کے دوران تنگی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو واپڈا آفس کا گھیراوکریں گے۔

پشاور میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الہیٰ کی قیادت میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، پشاور کی رنگ روڈ پر بڑی تعداد میں لوگ احتجاج کررہے ہیں، مظاہرین نے پتھر، اینٹوں اور دیگر رکاوٹیں لگا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔دوسری جانب پیسکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جن علاقوں کے لوگ احتجاج کر رہے ہیں وہاں 88 فیصد خسارے کا سامنا ہے اور وہاں 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی تھی، انہوں نے کہا کہ جلاوگھیراو کے بجائے معاملات مذاکرات سے بھی حل ہو سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :