آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے-دھماکہ خیزمواد کھلیانہ میں ایل او سی کے انتہائی قریب سٹرک کنارے نصب تھا جہاں بھارتی فورسز کی متعدد چیک پوسٹیں موجود ہیں۔ڈپٹی کمشنر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 مئی 2017 10:28

آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹنے ..
وادی جہلم(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29مئی۔2017ء) آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے پھٹنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔وادی جہلم کے ڈپٹی کمشنر عبدالحامد کانی نے بتایا کہ ایک مسافر گاڑی راولپنڈی سے مسافروں کو لے کر کھلیانہ کے علاقے میں آرہی تھی کہ رات گئے یہ واقعہ پیش آیا۔یہ علاقہ وادی جہلم کے علاقے کھلیانہ میں ایل او سی کے انتہائی قریب قائم ہے جہاں بھارتی فورسز کی متعدد چیک پوسٹیں موجود ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ جس وقت گاڑی مسافروں کو لے کر ان کی منزل کے قریب پہنچی گاڑی کے ڈرائیور نے سڑک کے درمیان میں پتھر پڑے ہوئے دیکھے اور سڑک کی تنگی کے باعث گاڑی کو ان سے بچانے کیلئے سڑک کے کنارے پر کچے حصے کی جانب موڑ دیا جس کے بعد یہاں نصب آئی ای ڈی دھماکا خیز مواد پھٹ گیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور اور 3 مسافر زخمی ہوئے، جن کی شناخت ڈرائیور ارم عباس اور دیگر 3 مسافر مختیار احمد، چنگیز لطیف اور رحمت حسین کے ناموں سے ہوئی۔

واقعے کے بعد ریسکیو عملے نے زخمیوں کو مظفر آباد ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ڈپٹی کمشنر وادی جہلم کا کہنا تھا کہ ایک بھارتی پوسٹ دھماکے کے مقام کے انتہائی نزدیک ایل او سی کے دوسری جانب قائم ہے اس لیے مقامی انتظامیہ اور پاک فوج نے مذکورہ مقام پر دوسرے ممکنہ دھماکے کے پیش نظر سرچ آپریشن نہیں کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ پہلے دھماکے کے ایک گھنٹے کے بعد اس مقام سے کچھ فاصلے پر دوسرا دھماکا ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دو ماہ قبل ایسے ہی ایک دھماکے میں 3 مسافر زخمی ہوگئے تھے، اس کے علاوہ ایک مقامی شخص اپنے مکان میں دھماکا خیز مواد کی تیاری کے دوران ہلاک ہوگیا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور ہندوستان کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔