ڈپٹی کمشنر کا ہسپتال کے تشخیصی بلاک میں سست رفتار سروس ڈیلیوری پر برہمی کا اظہار

اتوار 28 مئی 2017 23:20

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے تشخیصی بلاک میں سست رفتار سروس ڈیلیوری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مریضوں کو مستعد طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے اچانک معائنہ کے دوران تشخیصی بلاک میں مریضوں کی شکایات سنیں اور ایکسرے ‘ الٹرا سائونڈ ‘ سٹی سکین اور لیبارٹری ٹیسٹ میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے سٹاف سے کہا کہ وہ توجہ اور تیزی سے کام کرتے ہوئے مریضوں کو طویل انتظار کی کوفت سے بچائیں ۔

انہوں نے بعض مریضوں کے ایکسرے اور الٹرا سائونڈ فوری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے شعبہ ایمرجسنی میں میڈیکل سروسز کا جائزہ لیتے ہوئے ایمرجنسی مریضوں کی بھر پور دیکھ بھال کی ہدایت کی اور کہا کہ ادویات کی کمی نہیں ہونی چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے صفائی کو مزید بہتر بنانے اور اچھے نظم و نسق کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو ہسپتال کی کارکردگی سے مطمئن ہونا چاہئے ۔

انہوںنے میڈیکولیگل کے اجراء کے نظام کو شفاف رکھنے کی تلقین کی اور ظلم و تشدد کے شکار موقع پر موجود زخمیوں کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ایکسئین بلڈنگز سے کہا کہ چلڈرن وارڈ اور گائنی وارڈ کی مرمت و بحالی کے منصوبے ایک ہفتہ میںمکمل کریں ۔

انہوں نے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے نئے منصوبوں کی ڈیزائننگ کی ہدایت کی ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرئوف نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کی توسیع اور آئی سی یو کے قیام پر عملدرآمد کی رفتار سے آگاہ کیا ۔ ایکسئین بلڈنگز طاہر انجم ‘ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر صنم گوندل ‘ اسسٹنٹ انجینئر محمد فیصل اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔