رمضان بازاروں کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ، بازاروں میں فروخت کے لئے معیاری اشیاء ہی نظر آنی چاہئے ۔ڈویژنل کمشنر

اتوار 28 مئی 2017 23:20

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے ہدایت کی ہے کہ رمضان بازاروں کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور ان بازاروں میں فروخت کے لئے معیاری اشیاء ہی نظر آنی چاہئے ۔ انہوں نے یہ ہدایت مختلف رمضان بازاروں کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کی ۔ آر پی او بلال صدیق کمیانہ اور ایم این اے میاں عبدالمنان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

ڈویژنل کمشنر فیضان مدینہ چوک مدینہ ٹائون کے رمضان بازار میں گئے اور وہاں اشیائے ضروریہ کی کوالٹی و دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے سبزیوں ‘ پھلوں اور کریانہ کی اشیاء کے سٹال کا معائنہ کرتے ہوئے ان کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیا اور سٹاف سے کہا کہ صارفین کو رمضان بازار میں خریداری سے خاطر خواہ معاشی فائدہ حاصل ہونا چاہئے ۔

(جاری ہے)

وہ سستی چینی اور سستے آٹے کے سٹالز پر بھی گئے اور فروخت کے ریکارڈ کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خریداروں کے رش کی صورت میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔ڈویژنل کمشنر نے خریداری کے لئے آئے ہوئے افراد سے بھی ملاقات کی اور ان سے رمضان بازاروں کے انتظامات و فوائد کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ جاری رہے گی تاہم کسی شکایت کی صورت میں فوری شکایات سیل سے رابطہ کیا جائے تاکہ موقع پرہی ازالہ ہو سکے ۔

آر پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ رمضان بازاروں کی سیکورٹی کے لئے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے مطابق پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے علاوہ اردگرد کے حالات پر نظر رکھنے کے لئے پٹرولنگ کا بھی انتظام شامل ہے ۔ انہوں نے رمضان بازاروں کی سیکورٹی چیک کرتے ہوئے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ چوکس انداز میں ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے مشکوک افراد پر نظر رکھیں تاکہ عوام میں احساس تحفظ برقرار رہے ۔

ایم این اے میاں عبدالمنان نے کہا کہ عوامی بہبود کا خیال رکھنا موجودہ حکومت کی فلاحی پالیسیوں کا محور ہے اور اربوں روپے کا رمضان پیکج بھی ان فلاحی پالیسیوں کا حصہ ہے جس کی بدولت عوام کو ماہ صیام کے دوران ہر ممکن معاشی ریلیف فراہم کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے رمضان بازاروں کے بہترین انتظامات پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا ۔