وزیر اعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں دو ارب 52 کروڑ 85 لاکھ روپے مالیت کی 990 ترقیاتی سکیموں کی منظوری

اتوار 28 مئی 2017 23:20

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء)وزیر اعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع میں دو ارب 52 کروڑ 85 لاکھ روپے مالیت کی 990 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی جا چکی ہے جن میں سڑکوں اور سرکاری بلڈنگز کی تعمیر ‘ گلیوں کی سولنگ و نالیوں کی تعمیر واٹر سپلائی و سیوریج ‘ بجلی و سوئی گیس کی فراہمی ‘ پبلک پارکس کی ترقی و بحالی اور دیگر سماجی شعبوں کی سکیمیں شامل ہیں ۔

یہ بات ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی جس میں ڈویژنل کمشنر مومن آغا اور آر پی او بلال صدیق کمیانہ نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سلمان غنی ‘ سی پی او افضال احمد کوثر نے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارکان اسمبلی حاجی محمد اکرم انصاری ‘ میاں عبدالمنان ‘ میاں محمد فاروق ‘ رانا محمد افضل خاں ‘ رجب علی خاں بلوچ ‘ مدیحہ رانا ‘ فاطمہ فریحہ ‘ ڈاکٹر نجمہ افضل ‘ چوہدری فقیر حسین ڈوگر ‘ میاں طاہر جمیل ‘ چوہدری محمد افضل ساہی ‘ آزاد علی تبسم ‘رائو کاشف رحیم ‘ جعفر علی ہوچہ ‘ رائے عثمان کھرل ‘ رانا شعیب ادریس ‘ سابق ایم پی اے خواجہ محمد اسلام و دیگر موجود تھے جبکہ افسران میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( فنانس ) میاں آفتاب احمد ‘ ایم ڈی واسا چوہدری فقیر محمد ‘ ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کرنل عماد اقبال گل کے علاوہ فیسکو ‘ سوئی گیس ‘ ایف ڈی اے ‘ محکمہ صحت ‘ تعلیم ‘ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ‘ انہار ‘ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ‘ روڈز ‘ بلڈنگز ‘ ایکسائز ‘ لوکل گورنمنٹ ‘ زراعت اور دیگر محکموں کے افسران شامل تھے ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی سپیشل ترقیاتی پیکج کے تحت ضلع میں 30 جون تک 45 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں اور عمارات کی تعمیر ‘ واٹر سپلائی اور نالیوں کی سولنگ کی 129 سکیمیں مکمل کی جائیں گی جبکہ خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام کے تحت ضلع میں چار مرحلوں کے دوران چار ارب 55 کروڑ روپے سے 410 کلو میٹر لمبی 29 دیہی سڑکیں مکمل کی گئی ہیں اور پانچویں مرحلے کے لئے 95 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز موصول ہو چکے ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے بتایا کہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی کے لئے 35 کروڑ روپے کے مزید فنڈز منظور ہو چکے ہیں جس سے منصوبے کی تعمیراتی رفتار مزید تیز ہو گی اور ہسپتال کے قیام سے شہر کے اس حصے کے مکینوں کو ان کے گھروں کے قریب بہترین طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں اور ضلع میں جاری دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔

ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کی مشاورت سے عوامی فلاح و بہبود اور علاقائی ترقی کے منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کی طرف سے بعض ترقیاتی سکیموں کے ناقص تعمیراتی معیار کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو فوری طور پر گھٹیا اینٹیں اکھاڑنے کر درجہ اول اینٹیں لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ غیر معیاری میٹریل کے استعمال اور ناقص تعمیر کی کوئی گنجائش نہیں‘ ایسی شکایات کی صورت میں باقاعدہ انکوائری کراکر قصور واروں کا محاسبہ کیا جائے گا ۔

آر پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے ‘ ملزموں کی سرکوبی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے جامع حکمت عملی اختیار کی گئی ہے اس ضمن میں جدید سائنسی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے ارکان پارلیمنٹ کی تجاویز اور مشاورت کو مقدم رکھا جارہا ہے ۔ ارکان اسمبلی نے ترقیاتی منصوبوں کی تعمیراتی رفتار مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلاتاخیر تکمیل سے ہی ان منصوبوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکتے ہیں ۔

لہذا افسران ذاتی توجہ سے عوامی بھلائی کی سکیموں کو مکمل کریں ۔اس ضمن میں کسی قسم کی رکاوٹ کی صورت میں محکمانہ اقدامات میں دیر نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے بہتر لائحہ عمل اختیار کرنے ‘عمومی اور رمضان المبارک کے دوران خصوصی طور پر شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری اور مساجد و بازاروں میں سیکورٹی بڑھانے پر زور دیا ۔