موجودہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، ترقی کے اس سفر میں پنجاب کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،سینئر نائب صدر فیصل آباد چیمبر

اتوار 28 مئی 2017 23:10

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے جبکہ ترقی کے اس سفر میں پنجاب کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ وہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے زیر اہتمام پنجاب بھر کے ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹس ، گورنمنٹ کالج آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس کے طلبہ کے درمیان ہونے والے سکلز کمپیٹیشن میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی 60 فیصد آباد 35 سال تک کی عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

یہ نوجوان دراصل ہمارا قومی اثاثہ ہیں جن کو فنی تربیت دے کر ہم نہ صرف روزگار کمانے کے قابل بنا سکتے ہیں بلکہ اس کے ذریعے ملکی ترقی کی رفتار کو بھی تیز کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جس طرح حکومت فنی تربیت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، اس کی وجہ سے میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقی یافتہ علاقوں کے ساتھ ساتھ ہمیں جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقوں پر بھی توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کے نوجوانوں میں بھی صلاحیت کی کمی نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیلئے انہیں ضروری سہولتیں اور تربیت مہیا کی جائے۔ انہوں نے سکلز کمپیٹیشن کے پوزیشن ہولڈرز میں تقسیم انعامات کی تقریب میں انہیں مدعو کرنے پر ٹیوٹا کی انتظامیہ اور خاص طور پر ٹیوٹا کے بورڈ آف مینجمنٹ کے چیئرمین انجینئر سہیل بن رشید کا بھی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :