وزیر اعظم نواز شریف نے بین الاقوامی دبائو کے باوجود ایٹمی دھماکے کئے، پاکستان کو ایک اسلامی ایٹمی طاقت اور ناقابل تسخیر ملک بنا دیا، طلال چوہدری

اتوار 28 مئی 2017 23:10

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی /مسلم لیگ ن کے ایم این اے طلال بدر چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو اس بات کا سارا کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے بین الاقوامی دبائو کے باوجود 28 مئی 1998کو ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایک اسلامی ایٹمی طاقت اور ناقابل تسخیر ملک بنادیا۔

اتوار کے روز یوم تکبیر کے حوالے سے جڑانوالہ ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس وقت ایٹمی دھماکے کئے گئے تھے اس وقت دھماکوں کے خلاف بین الاقوامی دبائو بہت زیادہ تھا مگر وزیر اعظم نواز شریف نے جرات و بہادری کی مثال رقم کرتے ہوئے بین الاقوامی دبائو کو یکسر مسترد کردیا اور ایٹمی دھماکے کر کے ثابت کردیا ہے کہ مسلم لیگ( ن) ہر حال میں ملک پاکستان کے دفاع کی خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

اب موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ میں سب سے بڑے پراجیکٹ چائنا پاکستان راہداری منصوبے کا افتتاح کر کے ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے باب کا آغاز کردیا۔ انہوں نے کہا کہ چائنا پاکستان راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں خوشحالی کا ضامن ہے جس سے بیروزگار نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگاربھی میسر ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کی موثر پالیسیوں اور وزیر اعظم نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور آنے والے دنوں میں اس کی معیشت بہتر سے بہترین ہوتی چلی جائے گی۔

طلال چوہدری نے حلقہ پی پی 53سے آل پاکستان مسلم لیگ کے سابق امیدوار ملک منیر احمد کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ۔