ماہ مقدس میں اپنے مفلس و نادار بھائی بہنوں کی ہر طرح سے مدد و اعانت کی جائے،پیر محمد نقیب الرحمن

اتوار 28 مئی 2017 22:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2017ء) عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے کہ رب کریم نے زندگی میں ایک مرتبہ پھر ہمیں ایک نہایت عظمتوں والا مہینہ رمضان المبارک عطا فرمایا ہے اور اس کے متعلق رب کریم نے قرآن کریم میں ارشاد فرمایا ہے کہ اے ایمان والو تم پر روزے فرض کئے گئے ہیں تاکہ تم متقی بن جائو۔

ماہ رمضان المبارک درحقیقت تزکیہ نفس اور خود احتسابی کا مہینہ ہے۔ حضور نبی کریمؐ کا فرمان مبارک ہے کہ اگر میری امت یہ جان لیتی کہ ماہ رمضان المبارک میں کیا ہے تو وہ تمنا کرتی کہ پورا سال رمصان المبارک ہی رہے۔ کوشش اس امر کی کرنی چاہیے کہ نیکیوں کا یہ موسم بہار ہم سے راضی ہوجائے اور ہم اس کے تقدس کے تمام تقاضے پورے کرنے کی کوشس کریں اور اس کا تقدس یہ ہے کہ اس میں تقویٰ اختیار کیا جائے‘ اپنے مفلس و نادار بھائی بہنوں کی ہر طرح سے مدد و اعانت کی جائے۔

(جاری ہے)

جھوٹ ‘ بخل ‘ کینہ پروری ‘ فساد ‘ ذخیرہ اندوزی ‘ ملاوٹ اور ناجائز منافع خوری سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ ہمارے آقا مولاؐ فرماتے ہیں کہ میری امت رسوا نہ ہوگی جب تک وہ رمضان المبارک کی عظمت و تعظیم کرتی رہے گی۔ یہ ماہ مبارک ہمیں دکھ درد میں ایک دوسرے کا کام آنے ‘ تحمل ‘ برداشت ‘ اخوت ‘ رواداری اور مساوات کا درس دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یکم رمضان المبارک اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درس حدیث پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔

محفل سے حافظ بشیر احمد سیالوی ‘ خواجہ وجاہت جمیل اور قاری محمد سلیم شہزاد نے بھی خطاب کیا جبکہ دربار رسالت مآبؐ میں نعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی‘ خوشحالی‘ ترقی ‘ افواج پاکستان کی سربلندی اور اتحاد بین المسلمین کیلئے خصوصی دعا کی۔ (عابد شاہ)