وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرا کر قوم کو عزت دی ہے ،ْطارق فضل چوہدری

پاکستان کی ایٹمی کامیابی دنیا کو ہضم نہیں ہو رہی،پاکستان مضبوط ہے تو عالم اسلام مضبوط ہے ،ْوزیر مملکت

اتوار 28 مئی 2017 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرا کر قوم کو عزت دی ہے، پاکستان جب تک قائم ہے محمد نوازشریف کا یہ عظیم ترین فیصلہ پاکستان کی تاریخ میں یاد رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قوم کورمضان المبارک اور یوم تکبیر کی مبارکباد پیش کی،اس دن پاکستان کو اسلامی اور عالمی دنیا میں منفرد مقام ملا،پاکستان تمام اسلامی دنیا کے لئے نجات دہندہ کا کردار ادا کر سکتا ہے،پاکستان کی ایٹمی کامیابی دنیا کو ہضم نہیں ہو رہی،دنیا جانتی ہے کہ پاکستان مضبوط ہے تو عالم اسلام مضبوط ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سازشوں کا سامناہے، وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایشیائی ٹائیگر کے سفر پر گامزن ہے، اناڑی سیاست دان پاکستان کو منفی سیاست سے پیچھے دھکیل رہے ہیں،الزام تراشی، جھوٹے الزامات، دھرنوں سے کامیابی نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ تمام عالمی معاشی ادارے پاکستان کی ترقی کی گواہی دے رہے ہیں۔یوم تکبیر ہر پاکستانی کا دن ہے اسے ہمارے سیاسی مخالفین کو بھی منانا چاہئیے،پاکستان میں امن کے قیام کے لیے قربانی دینے والے تمام محب وطن پاکستانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیر کیڈ نے کہا کہ ہر پاکستانی کو فخر ہونا چاہیے کہ آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، تمام صوبائی حکومتیں یوم تکبیر کو ملی جوش و جذبے سے منائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے قوم کو عزت دی۔ پاکستان جب تک قائم ہے نواز شریف کا یہ عظیم ترین فیصلہ پاکستان کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا،تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔