موجودہ حکومت ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لیے دن رات کوشاں ہے ،ْدانیال عزیز

توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کا خاتمہ یقینی بنا دیا جائے گا ،ْانٹرویو

اتوار 28 مئی 2017 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کے لیے دن رات کوشاں ہے ،ْ توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے اندھیروں کا خاتمہ یقینی بنا دیا جائے گا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب ہم نے اقتدار سنبھالا ملک بھر میں توانائی بحران شدت اختیار کر چکا تھا اور روزانہ 16,16گھنٹے سے زائد کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن ہماری قیادت نے اقتدار سنبھالنے کے فوری بعد ملک سے اس توانائی بحران کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات شروع کیے اور توانائی کے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا جن کی بدولت آج لوڈ شیڈنگ میں واضح کمی آئی ہے اور صنعتوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں کے لوگ بل ادا نہیں کرتے اور بجلی چوری کرتے ہیں صرف ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور بل ادا نہ کرنے والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کرنے کا طریقہ کار گزشتہ حکومت کا شروع کردہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی کارکردگی اور عوامی خدمت دیگر صوبوں کے حکام کے لیے ایک نمونہ ہے جس کی انہیں پیروی کرنی چاہیئے۔

پنجاب کی عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلوانے کے لیے بھی صوبہ پنجاب میں ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبے شروع ہوئے جن میں سے کچھ مکمل ہو چکے ہیں اور کچھ تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئینی اداروں کا بہت احترام کرتی ہے اور وہ ہمیشہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو 2014ء میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مفرور قرار دیا لیکن 3 سال گزرنے کے باوجود وہ عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ اس کے ساتھ ساتھ عمران خان آئینی اداروں کے خلاف نازیبا زبان بھی استعمال کر رہے ہیں جو حیران کن ہے۔