مئی 1998ء یوم آزادی کے بعد پاکستان کا دوسرا اہم ترین دن ہے، قوم ہمیشہ محمد نواز شریف کا دلیرانہ فیصلہ یاد رکھے گی، خیبرپختونخوا میں صفر کارکردگی والے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے گرڈ اسٹیشن اور قومی تنصیبات پر حملے کرا رہے ہیں، خدانخواستہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا تو حملے کے ہدایت کار ذمہ دار ہوں گے

وزیراعظم کے مشیر و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کا اعلیٰ سطحی اجلاس اور تقریب سے خطاب

اتوار 28 مئی 2017 21:30

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) وزیراعظم کے مشیر و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ قومی تنصیبات پر حملے کرانے والے قومی مجرم ہیں، اگر خیبرپختونخوا کی پولیس ان کو روکنے سے عاری ہے تو پشاور ہائیکورٹ کو عوام کے بہتر مفاد میں ان کے خلاف سوموٹو ایکشن لینا چاہیے اور قومی مجرموں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے‘28مئی 1998ء یوم آزادی کے بعد پاکستان کا دوسرا اہم ترین دن ہے، قوم ہمیشہ محمد نواز شریف کا دلیرانہ فیصلہ یاد رکھے گی، خیبرپختونخوا میں صفر کارکردگی والے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے گرڈ اسٹیشن اور قومی تنصیبات پر حملے کرا رہے ہیں، خدانخواستہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا توحملے کے ہدایت کار ذمہ دار ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے واپڈا ہائوس پشاور میں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں انجینئر امیر مقام نے 28مئی یوم تکبیر کی مناسبت کے حوالے سے ایک پروقار تقریب سے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 50فیصد سے زیادہ نقصان والے بجلی صارفین جن پر اب 16سے 20گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے کم کر کے 4سے 6گھنٹے لوڈشیڈنگ ہو گی، 400فیڈر ایسے ہیں جو نہ صرف اوورلوڈ ہیں بلکہ ان پر نقصانات 50فیصد سے کہیں زیادہ ہیں اور وہاں نئے فیڈر لگانے پر بھی پابندی ہے تاہم میں عوام کے بہتر مفاد اور ریلیف پہنچانے کیلئے ان علاقوں میں فیڈر لگانے کی پابندی اٹھا کر وہاں نئے فیڈر لگانے کا اعلان کرتا ہوں، خیبرپختونخوا میں چار نئے 220کے وی اے گرڈ اسٹیشن پر کام برق رفتاری سے جاری ہے جس سے اوورلوڈنگ کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گولن گول اور بشام الائی دوبیر سے سوات دیر کو لنک کیا جا رہا ہے، قومی تنصیبات کسی فرد کی ملکیت نہیں بلکہ یہ قومی اثاثہ جات ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت انشاء اللہ مئی 2018ء تک سسٹم میں 18ہزار میگا واٹ بجلی شامل کرے گی جس سے سسٹم میں کل28ہزار بجلی آ جائے گی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج قوم کارکردگی کی بنیاد پر یاد کرتی ہے جبکہ دوسری طرف عمران خان کی کارکردگی صفر ہے اور محض الزام تراشیوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک عوامی خدمت میں نہیں صرف جوڑ توڑ کا ماہر ہے مگر ان کا وقت اب گزر چکا ہے اب لوگ صرف کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے اور2018ء میں کارکردگی دکھانے والوں کو ووٹ دیں گے۔ انجینئر امیر مقام ینگ ڈاکٹرز کے احتجاجی کیمپ بھی گئے اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔