پنگریو شہر اور گر دونواح کے پانچ سو سے زائد قصبوں اور دیہاتوں میں ماہ رمضان کے پہلے روز ہی بجلی کا طویل بریک ڈائون

بجلی نہ ہونے کے باعث روزہ داروں اور نمازیوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا،خواتین کو سحری کی تیاری میں بھی دقت پہلے روز میں ہی طویل بریک ڈائون نے وفاقی وزارت پانی وبجلی کے جھوٹے دعووں کی قلعی کھول دی ہے، عوامی حلقوں کا ردعمل

اتوار 28 مئی 2017 21:20

پنگریو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) پنگریو شہر اور گر دونواح کے پانچ سو سے زائد قصبوں اور دیہاتوں میں ماہ رمضان کے پہلے روز ہی بجلی کا طویل بریک ڈائون ہوا تراویح اور سحری کے وقت بجلی نہ ہونے کے باعث روزہ داروں اور نمازیوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ خواتین کو سحری کی تیاری میں بھی دقت پیش آئی عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ پہلے روز میں ہی طویل بریک ڈائون نے وفاقی وزارت پانی وبجلی کے جھوٹے دعووں کی قلعی کھول دی ہے تفصیلات کے مطابق پنگریو شہر اور گرد ونواح کے پانچ سو سے زائد قصبوں اور دیہاتوں میں ماہ رمضان کی پہلی تروایح پر ہی بجلی کی سپلائی بند ہوگئی جو کہ اتوار کے روز تین بجے بحال ہوئی بیس گھنٹے سے زائد دورانئے تک پنگریو گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی معطل رہنے کے باعث نماز تراویح کی ادائیگی اور سحری کرنے والے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ خواتین کو سحری کی تیاری میں زبردست پریشانی ہوئی بجلی کے طویل بریک ڈائون کے باعث پنگریو شہر اور ملحقہ قصبوں اور دیہاتوں میں فراہمی آب کی اسکیمیں بھی بند رہیں جس کی وجہ سے عوام پینے کے پانی کے حصول کے لئے مارے مارے پھرتے رہے رابطہ کر نے پر حیسکو پنگریو کے عملے نے بتایا کہ پہلے مقامی اور بعد ازاں جامشورو میں پیدا ہونے والے فالٹ کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے عوامی حلقوں نے ماہ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کے طویل بریک ڈائون پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے اس حوالے سے مختلف سیاسی وسماجی تنظیموں نے کہا ہے کہ وفاقی وزارت پانی وبجلی کے ان دعووں کی کہ ماہ رمضان میں تراویح اور سحری کے اوقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی قلعی کھل گئی ہے پہلے روزے پر شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی فراہمی بند رہنے کے باعث روزہ داروں کو جس پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا وہ مذکورہ وزارت کے منہہ پر طمانچہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :