پہلی سحری پر کراچی سمیت سندھ کے متعدد شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر ایم کیوایم کے ارکان قومی اسمبلی کاشدید اظہار مذمت

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی سندھ میں بجلی کی ترسیل کے اداروں کو اپنا قبلہ درست کرلینا چاہئے تھا، ارکان قومی اسمبلی

اتوار 28 مئی 2017 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے اراکین قومی اسمبلی نے رمضان المبارک کی پہلی سحری کے موقع پر کراچی سمیت سندھ کے متعدد شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی ، حیدرآباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے متعلقہ اداروں نے اپنی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کی انتہاء کردی ہے ۔

اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی سندھ میں بجلی کی ترسیل کے اداروں کو اپنا قبلہ درست کرلینا چاہئے تھا لیکن گزشتہ شب رمضان کی پہلی سحری کے موقع پر لاکھوں عوام کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا پڑاہے جو اسلامی ملک کا طرہ امتیاز اور شعار ہرگز نہیں دکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی ملک میں رمضان کی پہلی سحری کے موقع پر سندھ میں بجلی کی ترسیل کے متعلقہ اداروں کی جانب سے لاکھوں عوام کو سحری کے موقع پر لوڈشیڈنگ کا نشانہ بنانا سراسر انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بجلی کی ترسیل کے ادارے اگر عوام کو مستقل بجلی کی ترسیل یقینی نہیں بنا سکتے تو انہیں اصولی اور اخلاقی طور پر اپنی ناکامی کا اعتراف کرلینا چاہئے اور لاکھوں عوام کو روز روز عذاب میں مبتلا رکھنے کے بجائے اپنے گھروں کو چلے جانا چاہئے ۔ حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے وزارت پانی و بجلی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے کے الیکٹرک سمیت سندھ میں بجلی کی ترسیل کے اداروں کی نااہل انتظامیہ سے سندھ کے شہری علاقوں کی عوام کی جان چھڑائیں اور رمضان المبارک کے مہینے میں ان اداروں کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا سختی سے پابند کیاجائے ۔