جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہئے وہ ہی حتساب کا شور مچا رہے ہیں، سینیٹر نہال ہاشمی

مسلم لیگ ن کے کارکن وزیر اعظم نواز شریف پر جھوٹے الزامات لگانے والے نام نہاد سیاستدانوں کے گھروں کا گھیرائو کریں گے ایک ایسی شخصیت پر الزامات لگارہے ہیں جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا، یوم تکبیر پر منعقدہ تقریب سے خطاب

اتوار 28 مئی 2017 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) مسلم لیگ ن سندھ کے سیکریٹری جنرل سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہئے وہ ہی حتساب کا شور مچا رہے ہیں اور ایک ایسی شخصیت پر الزامات لگارہے ہیں جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا،مسلم لیگ ن کے کارکن وزیر اعظم نواز شریف پر جھوٹے الزامات لگانے والے نام نہاد سیاستدانوں کے گھروں کا گھیرائو کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو مسلم لیگ ہائوس میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب سے مسلم لیگ ن کراچی کے صدر سید منور رضا، امان آفریدی، ملک تاج، اسد عثمانی، فیروز خان، اور دیگر نے خطاب کیا۔ سینٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کروڑوں ڈالرز کی پیشکش کو ٹھکراکر پاکستان کو 1998ء میں ایٹمی قوت بنایا، اور اپنی موجودہ حکومت کے دوران پاکستان کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، وزیر اعظم نواز شریف نے جو ملک وقوم کے لئے خدمات انجام دی ہیں انھیں جتنا بھی سراہا جائے کم ہے اور ہر یوم تکبیر کے موقع پر ان کی تاج پوشی کی جانی چاہئے۔

(جاری ہے)

انھوں کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف پر جھوٹے الزامات لگانے والے جھوٹے سیاستدانوں کو اس وقت سے ڈرنا چاہیئے جب مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوجائے گا ان کے گھروں کا گھیرائو کرینگے۔ سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ سندھ حکومت دانستہ طور پر کراچی کے شہریوں کے ساتھ سوتیلی ماں کا سا سلوک کر رہی ہے، جو لوگ کراچی شہر کا کچرا نہیں اٹھاسکتے وہ حکومت کیا چلائیں گے، ایسی نا اہل حکومت کو فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔

مسلم لیگ ن کراچی کے صدر سید منور رضا نے کہا کہ پہلے ہی روزے پر سندھ حکومت کی نااہلی کو مکمل ثبوت مل گیا اور شہریوں کو سحری اور افطار اندھیرے میں کرنا پڑی ، مہنگائی پر حکومت کا کوئی کنٹرول نظر نہیں آیا اور پہلے روزے پر ہی کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں اور سندھ حکومت کہیں نظر نہیں آئی۔