نڑیاں میںجھونپڑی میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی‘ 9جھگیاں جل کر خاکستر‘ تین سالہ بچہ جھلس کر جاں بحق

اتوار 28 مئی 2017 20:51

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) ایبٹ آبادکے نواحی علاقہ نڑیاں میںجھونپڑی میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی کے نتیجہ میں 9جھگیاں جل کر خاکسترہوگئیں۔آتشزدگی سے تین سالہ بچہ جھلس کر جاں بحق ہوگیا ہے۔اتوار کے روز نڑیاں میں بادام گل نامی شخص کی جھونپڑی میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی سی9جھونپڑیاں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔

جھونپڑیوں میں موجود لوگوں نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں۔آتشزدگی سے بادام گل کا تین سالہ بیٹاجمیل جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔ آتشزدگی کے دوران زرماش ولد ملنگ خان، گل رسول ولد فاروق، صمد ولد فاروق، شیرغنی ولد نواب، نصیر ولد غفار، نور محمد ولد قیامت خان، سیّدرسول ولد فاروق، حاجی ولد لدونگ خان، محمد ولد عبدالجبار اور دیگرکی جھونپڑیاں اور تمام گھریلو سامان مکمل طور پر جل کر راکھ بن گیا۔

(جاری ہے)

متاثرہ افراد کے مطابق آتشزدگی کے اطلاع مقامی پولیس اوریسکیو1122کے عملہ کو دی گئی تاہم پولیس اورریسیکو عملہ کے پہنچنے سے قبل تمام جھگیاں جل گئیں تھیں۔مقامی لوگوں کے مطابق دن دوبجے تک تھانہ کینٹ کے ایس ایچ او غفورخان کے علاوہ کوئی بھی ذمہ دار موقع پر نہیں آیا۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کی نگرانی کی۔

صحافیوں سے بات چیت کے دوران سردار شجاع احمد نے کہاکہ متاثر ہونیوالے تمام غریب لوگ ہیں‘ محنت مزدوری کرکے اپنی گزربسر کرتے ہیں۔ ان کاکوئی ذریعہ آمدن نہیں ہے۔رمضان کی وجہ سے ان لوگوں کی امداد ہم سب کا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اراکین اسمبلی سمیت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے اس جگہ کا رخ تک نہیں کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ آتشزدگی سے متاثرہ افراد کی ہنگامی بنیادوں پر امداد کی جائے۔

متعلقہ عنوان :