وزیراعظم نواز شریف نے بروقت ایٹمی دھماکہ کر کے پاکستان کا مستقبل محفوظ کیا‘ ملک غلام حُر

اتوار 28 مئی 2017 20:51

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) میونسپل کمیٹی چکوال میں مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسلر ملک غلام حُر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے بروقت ایٹمی دھماکہ کر کے پاکستان کا مستقبل محفوظ کیا اور انشاء اللہ سردار غلام عباس اور سردار آفتاب اکبر کی قیادت میں ضلع چکوال میں مسلم لیگ (ن) کو مضبوط تر بنائیں گے۔ وہ چکوال پریس کلب کے زیر اہتمام یوم تکبیر سیمینار میں خطاب کر رہے تھے۔

تقریب کی صدارت یوم تکبیر نام کے بانی محمد اختر درویش نے کی جبکہ اس موقع پر چوہدری امتیاز کرسال اور ملک غلام مرتضیٰ اور پیر عبدالشکور نقشبندی بھی موجود تھے۔ ملک غلام حُر نے کہا کہ ان کی 32سالہ سیاسی جدوجہد ہے اور میں نے مولانا عبدالرحمن قاسمی اور دیگر سماجی لیڈروں کے ساتھ کام کیا ہے اور بے شک ضلع چکوال میں عوام کے حقوق کی بات عوامی حویلی سے شروع ہوئی ہے اور چکوال شہرکی عوامی سیاست میں عوامی حویلی کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی حویلی سے عام آدمی کے مسائل اور حقوق کے تحفظ کی بات ہو رہی ہے اور بے شک اب عوامی حویلی ضلع چکوال میں ایک معتبری کا نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ چکوال پریس کلب ضلع چکوال کی18لاکھ عوام کا ترجمان ہے اور اس پلیٹ فارم سے تمام تر مشکلات کے باوجود ہمیشہ حق اور سچ کی بات ہو رہی ہے اور اسی وجہ سے چکوال پریس کلب مسلسل اڑھائی دہائیوں تک زیر عتاب رہا ہے۔