چار سالوں میں ہونے والے ترقیاتی کام گذشتہ 70 سالوں میں نہیں ہوئے، مری روڈ توسعی منصوبہ وقت سے پہلے مکمل ہو گا

مشتاق احمد غنی کا لاکھ پتی چوک تا چونا کاری سڑک کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب

اتوار 28 مئی 2017 20:51

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے ہائیر ایجوکیشن مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ جتنے ترقیاتی کام ان کے چار سالہ دور میں ہوئے اتنے گذشتہ 70سالوں میں نہیں ہوئے ہیں، مری روڈ توسعی منصوبہ انشاء الله وقت سے پہلے مکمل ہو گا، آج کا دور تعلیم، سائنس اور ٹیکنا لوجی کا دور ہے جس کی بدولت پوری دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے، جن ممالک نے تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کی وہ آج پوری دنیا پر راج کر رہے ہیں، بدقسمتی سے سابق حکومتوں نے اپنے ووٹ کی خاطر معاشرہ کے نااہل لوگوں کو اساتذہ بھرتی کر کے تعلیم کا بیڑا غرق کیا، اب وقت بدل چکا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت نے تعلیمی میدان میں بہت ساری اصلاحات لائی ہیں جس کی بدولت آج سرکاری تعلیمی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے، وہ وقت دور نہیں جب ہم تعلیمی میدان میں سب سے آگے ہوں گے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو دو کروڑ روپے کی لاگت سے لاکھ پتی تا چونا کاری سڑک کی پختگی و بحالی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد اظہر خان جدون، ممبر ضلع کونسل و رہنما پی ٹی آئی علی خان جدون، ممبر ضلع کونسل نواں شہر محمد اقبال خان، ایم ڈی نشتر پبلک سکول و کالج آصف خان جدون نے بھی خطاب کیا۔ مشیر ہائیر ایجوکیشن مشتاق غنی نے کہا کہ ان کے حلقہ کی ہر یونین کونسل میں اربوں کے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، یونین کونسل نواں شہر میں 38 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہے جس میں لاکھ پتی چوک تا چونا کاری سڑک اور جھانڑیاں نواں شہر سڑکوں کے منصوبے شامل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنے ترقیاتی کام ان کے چار سالہ دور میں ہوئے اتنے گذشتہ 70سالوں میں نہیں ہوئے، مری روڈ توسیعی منصوبہ وقت سے پہلے مکمل ہو گا، اس میں تاخیر کی اصل وجہ بجلی، پانی، سوئی گیس اور ٹیلی فون کے محکمے ہیں جنہوں نے تمام لائنیں نئی ڈال کر کنکشن بھی فراہم کرنے ہیں، آئندہ دو سے تین ہفتوں میں مری روڈ کے تمام پل مکمل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج تنقید کر رہے ہیں انہوں نے اپنے دور میں ایبٹ آباد شہر کی ترقی کیلئے کونسا بڑا کام کیا ہے، ایک چڑی چوک کے علاوہ اگر کوئی کام ہے تو اسے عوام کے سامنے لائیں، ہمارے دور میں یونیورسٹی، کالج، سکولوں کے علاوہ ایبٹ آباد شہر کی ترقی کیلئے اربوں کے ترقیاتی منصوبے شروع ہیں جس کا اندازہ عوام خود کر سکتے ہیں، آئندہ اے ڈی پی میں بھی ایبٹ آباد کی ترقی کیلئے بہت ساری سکیمیں رکھی گئی ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ 18 کلو میٹر حویلیاں دھمتوڑ بائی پاس پر جلد کام کا آغاز ہونے والا ہے، ایبٹ آباد شہر میں پانی کی کمی پوری کرنے کیلئے گریوٹی فلو سکیم میں جندر باڑی سے نیا سورس شامل کیا جا رہا ہے، صفائی اور پانی کی مشکلات کے حل کیلئے حکومت نے واسا کمپنی بنا دی ہے جس کو ٹی ایم اے کے اثاثہ جات منتقل کر دیئے گئے ہیں، وہ اب کام کر رہے ہیں اور انشاء الله اس میں بہتری آ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :