جمہوریت کے تسلسل اور مضبوطی سے ہی پاکستان میں ترقی کا تسلسل ممکن ہے‘ سرفراز احمد ایڈووکیٹ/عمر فاروق

اتوار 28 مئی 2017 20:51

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) جمہوریت کے تسلسل اور مضبوطی سے ہی پاکستان میں ترقی کا تسلسل ممکن ہے، وطنِ عزیز پاکستان موجودہ حالات کا اگر بغور جائزہ لیا جائے تو جمہوریت کا عدم تسلسل اور غیر جمہوری قوتوں کا سیاسی معاملات میں مداخلت کرنا ان حالات کی اہم وجوہات میں سے ہیں، ہمیں ماضی میں کی گئی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے کسی بھی ایسے غیر جمہوری عمل سے گریز کرنا ہو گا جس سے ہم مزید مسائل کی دلدل میں دھنس کر رہ جائیں، عام لوگوں کو سیاسی عمل میں شامل کر کے اس کو شفاف بنانے میں کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ایک مضبوط اور شفاف سیاسی عمل سے جمہوریت کو مضبوط کیا جا سکے اور عوامی مسائل عوام کی امنگوں اور انسانی حقوق کے اصولوں کے مطابق حل کئے جا سکیں۔

ان خیا لات کا اظہار جمہوریت کے تسلسل کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوشل ایسوسی ایشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے سیکرٹری سرفراز احمد ایڈووکیٹ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمر فاروق نے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کر کے ان کی سیاسی اور جمہوری عمل سے لاتعلقی کو ختم کیا جائے، اس ضمن میں شہریوں، سیاسی نمائندگان، سیاسی جماعتوں، ریاستی اداروں اور تمام دیگر طبقات کو اپنے اپنے آئینی حدود میں رہتے ہوئے وطنِ عزیز کی فلاح و ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، سیاسی جماعتوں کو اپنے اندر موجود خامیوں کی اصلاح کرنا ہو گی اور عوام کے ساتھ اور اپنے کارکنان کے ساتھ نہ صرف رابطوں کو بحال کرنا ہوگا بلکہ انہیں وہ اہمیت بھی دینا ہو گی جو سیاسی کارکنان کو حاصل ہوا کرتی ہے۔

مقررین نے ملک میں جاری انتہا پسندی اور دہشت گردی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جانی چاہئے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی رعایت نہ برتی جائے تاکہ ملک میں امن قائم ہو سکے اور ترقی کی راہیں کھل سکیں۔

متعلقہ عنوان :